قرآن مجید انسانیت کے لیے نصیحت، ہدایت اور رحمت ہے: علامہ رانا محمد ادریس قادری

قرآن حکیم سے پختہ تعلق کے بغیر حقیقی تقویٰ ممکن نہیں: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

قرآن مجید انسانیت کے لیے نصیحت، ہدایت اور رحمت ہے: علامہ رانا محمد ادریس قادری

لاہور (17 اپریل 2026) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمت، کامل ہدایت کا سرچشمہ اور بیماریوں کے لیے شفا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انسان قرآن حکیم سے مضبوط تعلق قائم نہیں کرتا، وہ تقویٰ کی حقیقی دولت سے بہرہ مند نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم پوری انسانیت کے لیے نصیحت، شفا، ہدایت اور رحمت ہے جو انسان کے باطن میں موجود حسد، بغض اور دیگر روحانی امراض کا علاج فراہم کرتا ہے۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور رحمت ہے اور دنیا کی تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے مزید کہا کہ قرآن مجید پڑھنے والا اگر ماہر ہو تو معزز فرشتوں کے ساتھ ہوگا اور اگر مشقت کے ساتھ تلاوت کرتا ہے تو اسے دوہرا اجر ملتا ہے۔ ایک حرف کی تلاوت پر دس نیکیاں ملتی ہیں اور قیامت کے دن قرآن مجید اپنے پڑھنے والوں کی شفاعت کرے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ کے خاص بندے وہ ہیں جو قرآن حکیم سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ جتنا کوئی قرآن پاک کے قریب ہوگا اتنا ہی اللہ کے قریب ہوگا۔ جنت میں درجات بھی قرآن مجید کی آیات کے مطابق ہوں گے اور قاریِ قرآن پاک کو کہا جائے گا کہ وہ پڑھتا جائے اور بلند ہوتا جائے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ روزانہ قرآن مجید کی تلاوت کو معمول بنایا جائے، گھریلو زندگی میں قرآن حکیم کے ساتھ تعلق کو مضبوط کیا جائے اور اس عظیم نعمت کی قدر کی جائے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو سکے۔ اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، کارکنان اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top