منہاج القرآن کی اجتماعی شادیوں کی تقریب 19 اپریل (اتوار) کو ہوگی

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین قادری مہمان خصوصی ہوں گے

لاہور (17 اپریل 2026ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام غریب اور مستحق بچیوں و بچوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب 19 اپریل بروز اتوار وائٹ کیسل ایونٹ کمپلیکس، رائیونڈ روڈ لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں 25 مسلم اور مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین قادری ا جتماعی شادیوں کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریب کے انعقاد کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو تقریب کے تمام امور کو احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔ ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام غریبوں، محتاجوں اور کمزور طبقات کی مدد کا درس دیتا ہے، جبکہ تحریک منہاج القرآن ’’مواخاتِ مدینہ‘‘ کے عظیم تصور پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا انعقاد منہاج القرآن کا نمایاں فلاحی امتیاز بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہونا حقیقی عبادت ہے۔ ملک بھر میں مختلف تنظیمات اپنی مدد آپ کے تحت اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرتی ہیں، جو ایک قابل تحسین عمل ہے، اور اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔سید امجد علی شاہ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر سرپرستی تحریک منہاج القرآن تعلیم، صحت اور فلاح عام کے شعبوں میں بھرپور خدمات انجام دے رہی ہے اور مستحق افراد کی کفالت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 19 اپریل کی تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی، شوبز، کھیلوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top