منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، 25 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک، اداکارہ ریشم کی شرکت
ہر نوبیاہتا جوڑے کیلئے 5 لاکھ روپے کے گھریلو سامان کا تحفہ: پروفیسر ڈاکٹر حسین قادری کی مبارکباد
ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ، شیخ ابراہیم، غلام محی الدین دیوان کا خطاب، باراتیوں کیلئے پرتکلف دعوت
شادی ہال کوبرقی قمقموں سے سجایا گیا، عیسائی جوڑے کا نکاح انکی مذہبی روایات کے مطابق ہوا
ننھی منی ٹک ٹاک سٹار زرتاشا تاشو اور منہاج ویمن لیگ کی راہنماؤں کی بھرپور شرکت

لاہور (19اپریل 2026) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے 25 جوڑوں کے نکاح اور دلہنوں کی رخصتی کی پروقار تقریب لاہور کے ایک لگژری شادی ہال میں ہوئی، دلہوں اور ان کے عزیز و اقارب کا منہاج القرآن کی مرکزی قیادت نے شاندار استقبال کیا، اداکارہ ریشم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور شاندار تقریب کے انعقاد اور تحائف دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارک باد دی، ان کا کہنا تھا کہ مستحقین کی شادیاں بالکل اسی شان و شوکت کے ساتھ ہورہی ہیں جیسے کوئی صاحب حیثیت اپنی بیٹی کی خوشیاں پوری کرتا ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت غریب کا خیال رکھنے والوں کو بے حد پسند کرتا ہے۔ ہر صاحب حیثیت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اطراف میں مستحقین اور ضرورت مندوں کی مقدور بھر مدد کرے۔ ڈائریکٹر پروجیکٹ سید امجد علی شاہ نے ابتدائی کلمات میں بتایا کہ ہر جوڑے کو 5 لاکھ روپے کا گھریلو سامان تحفے میں دیا جا رہا ہے انہوں نے تمام ڈونرز بالخصوص ڈاکٹر عابد عزیز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے تعاون سے یہ سب کچھ ممکن ہو سکا۔ شادی کی اجتماعی تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، شیخ ابراہیم، غلام محی الدین دیوان نے اظہار خیال کیا اور شیخ الاسلام کے اس خدمت خلق کے جذبہ کو سراہا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دی۔ دلہنوں اور دلہوں کے ہمراہ آنے والے اُن کے عزیز و اقارب کیلئے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ نوبیاہتا جوڑوں کو گھڑیوں اور نقدی کے تحائف دئیے گئے۔ اداکارہ ریشم، عائشہ نذیر قادری،درۃ الزہرہ، فردوس نثار، روبا ہمایوں نے دولہنوں کو تحائف دئیے اور اپنی دعاؤں کیساتھ انہیں رخصت کیا۔شادی ہال کو اضافی طور پر برقی قمقموں، رنگا رنگ جھنڈوں سے سجایا گیا۔
شادیوں کی اجتماعی تقریب میں ایک عیسائی جوڑا بھی شامل تھا جن کی رسم نکاح کی تقریب ان کی مذہبی روایات کے مطابق انجام پائی۔ دلہنوں کو خصوصی طور پر قائم کیے گئے برائڈل روم میں منہاج ویمن لیگ کی خواتین راہنماؤں اور ماہر بیوٹیشنز نے تیار کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ شاہد یوسفی، سہیل احمد رضا نے انجام دیے۔ تقریب میں ڈاکٹر فیصل اقبال خان، ٹک ٹاک سٹار زرتاشا کاشف تاشو، کاشف میر، مسرت احمد، راجہ زاہد محمود، کرنل ر خالد جاوید، جی ایم ملک، علامہ رانا محمد ادریس، حفیظ چودھری، حفیظ الرحمان، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، و دیگر نے شرکت کی۔


















تبصرہ