علامہ اقبالؒ عظیم مفکر اورعاشقِ رسولؐ تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
فکر اقبال ؒ دل کی بیداری اور روح کی طہارت کا سر چشمہ ہے
تصور خودی امت کی خود انحصاری کی بنیاد ہے: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن
لاہور (20 اپریل 2026) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ کے یومِ وصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ ایک عظیم مفکر، عاشقِ رسولؐ اور امت مسلمہ کے فکری معمار تھے۔ ان کی منظوم فکر کا ہر ہر لفظ علم و آگہی کے فروغ کیلئے مشعلِ راہ ہے اور آبِ زر سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم الامت نے روحِ انسانی کو اس کی کھوئی ہوئی پہچان عطا کی اور ان کا کلام تصوف و معرفتِ الٰہی کی خوشبو سے معطر ہے۔ علامہ اقبالؒ کی فکر دراصل احیائے عشق کی تحریک ہے جس کے ذریعے خودی بندگی کے نور سے جِلا پاتی ہے اور انسان اپنے باطن کی تطہیر کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح کا شعور بھی حاصل کرتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی تعلیمات دل کی بیداری اور روح کی طہارت کا سرچشمہ ہیں جو انسان کو اپنے رب سے جوڑتی ہیں۔ ان کا پیغام تصوف کی اس روشن شاہراہ کی طرف رہنمائی کرتا ہے جہاں عشق، عقل کو منور کرتا ہے اور انسان اپنی حقیقت کو پہچانتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصورِ خودی دراصل معرفتِ الٰہی کا دروازہ ہے جو امت کو خود انحصاری اور فکری آزادی کا درس دیتا ہے۔ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مضبوط فکری بنیاد فراہم کی اور نہ صرف نظریاتی بلکہ عملی سطح پر بھی رہنمائی کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرے کی فلاح، فرقہ واریت، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے علامہ اقبالؒ کی تعلیمات پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔ ان کی فکر سے حقیقی وابستگی کا تقاضا ہے کہ ہم اسے سمجھیں اور اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔


















تبصرہ