منہاج القرآن کے زیرِاہتمام مراکزِ علم کے معلمین و منتظمین کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ 25 اپریل کو منعقد ہوگی

لاہور (21 اپریل 2026) تحریک منہاج القرآن کے شعبہ نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیرِاہتمام مراکزِ علم کے معلمین، منتظمین اور ذمہ داران کی پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ 25 اپریل 2026ء بروز (ہفتہ) منعقد ہوگی۔ ڈائریکٹر نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ سعید رضا بغدادی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد مراکزِ علم سے وابستہ اساتذہ اور منتظمین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ تدریسی اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ورکشاپ میں شریک افراد کو جدید تدریسی انداز، کلاس روم مینجمنٹ، ادارہ جاتی نظم و نسق، اور تنظیمی بہتری کے مختلف پہلوؤں پر جامع تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم اور تجربہ کار ٹرینرز مختلف موضوعات پر عملی رہنمائی بھی دیں گے۔

سعید رضا بغدادی نے کہا کہ تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے والے شرکاء کو باقاعدہ سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جائیں گے، جبکہ مرد و خواتین کی بڑی تعداد اس پروگرام کے لیے رجسٹریشن کروا رہی ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 24 اپریل بروز (جمعہ )مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد مراکزِ علم کے تعلیمی نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور دینی و اخلاقی تعلیم کے فروغ کو مزید مؤثر بنانا ہے، تاکہ ایک مثبت، باصلاحیت اور باکردار معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top