فریدِ ملت اسکالرشپ امتحانات 2025–26 کے نتائج کا اعلان
چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج ایجوکیشن بورڈ کے زیرِاہتمام 17ویں سالانہ فریدِ ملت اسکالرشپ امتحانات (2025–26) کے نتائج کا اعلان کر دیا

انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور اس کی خاص عنایت سے فریدِ ملت اسکالرشپس کا سترھواں سال ہمارے ہونہار طلبہ و طالبات کی علمی، فکری اور تعلیمی صلاحیتوں کے اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان نسل کو علم، تحقیق اور مثبت مسابقت کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اسکالرشپ پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ اسکالرشپس طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مزید مستحکم بنانے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے اساتذہ کرام اور بالخصوص ادارہ جات کے سربراہان (پرنسپلز) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمایاں نتائج ان کی انتھک محنت، لگن اور تعلیمی رہنمائی کا عملی ثبوت ہیں۔ یہ کامیابیاں اس بات کی غماز ہیں کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِاہتمام ادارے علمی معیار اور تربیتی اقدار میں مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔
نتائج کے مطابق مختلف جماعتوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں جماعت چہارم سے احمد حسین چیمہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دیگر نمایاں طلبہ میں مہک ناز، زمر شہزادی، زرش فاطمہ اور زکیہ شاہد شامل ہیں۔ جماعت پنجم میں عدن فاطمہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد حسن چیمہ، زہرا بتول، انایہ اور زریا فاطمہ نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
جماعت ششم میں اریان احمد پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے جبکہ دیگر نمایاں طلبہ میں طوبیٰ اصغر، ماہِم عمران، امِ سلیم، مناہل صفدر، مریم رضا، وجیہہ فجر اور ہانیہ زینب شامل ہیں۔ جماعت ہفتم میں متعدد طلبہ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں، جبکہ جماعت ہشتم میں حرم فاطمہ نے پہلی، محسن رضا نے دوسری اور ایمان فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کامیاب طلبہ و طالبات کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار فرمائے اور تمام تعلیمی اداروں کو استقامت، ترقی اور خدمتِ ملت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چودھری، ڈاکٹر علی وقار قادری، محمد شعیب طاہر، محمد اکرام غوری، سیف اللہ بھٹی، محمد فیضان، جاوید اقبال اور عاصم اقبال شامل تھے۔
































تبصرہ