رسول اکرم ؐ سے وابستگی کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں: علامہ رانا محمد ادریس قادری

ہدایت کے لیے قرآن اور تعلیماتِ رسول ﷺ دونوں لازم ہیں: نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

رسول اکرم ؐ سے وابستگی کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں: علامہ رانا محمد ادریس قادری

لاہور (24 اپریل 2026) نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان اسی وقت معتبر اور کامل ہوتا ہے جب وہ رسول اکرم ﷺ کی ذات اقدس کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمت اور انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ ہدایت ہے، جس کا بنیادی مقصد انسان کو اس کے خالق کی معرفت عطا کرنا ہے۔ جو شخص قرآن سے تعلق جوڑتا، اسے سمجھتا اور اس پر عمل کرتا ہے، وہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرتا ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے سورۃ الفاتحہ اور سورۃ البقرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بندہ ہر نماز میں صراطِ مستقیم کی دعا مانگتا ہے، اور اس دعا کا عملی جواب قرآن مجید کی صورت میں عطا کیا گیا ہے، جسے کتابِ ہدایت قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حقیقی ہدایت انہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے جو قرآن پر ایمان لاتے ہیں اور اسے رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کے ذریعے سمجھتے ہیں۔ قرآن اور صاحبِ قرآن ﷺ کو جدا نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ایمان کی تکمیل کے لیے اللہ تعالیٰ، اس کے رسول ﷺ اور کتاب اللہ پر یکجا ایمان ضروری ہے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ کامیابی، فلاح اور نجات کا واحد راستہ یہی ہے کہ انسان ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں دامن مصطفی ﷺ کو مضبوطی سے تھام لے۔دریں اثناء صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی جامع شیخ الاسلام میں نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں بیرونِ ملک سے آئے وفود، مرکزی قائدین اور کارکنان سے ملاقات کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top