طلبہ قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کریں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
قرآن کا علم کردار سازی اور خدمت انسانیت کی بنیاد ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی آغوش کمپلیکس اور تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ سے ملاقات ، گفتگو

لاہور (20 مئی 2026) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل و چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن لاہور کے شعبہ تجوید کے پہلے بیچ کے طلبہ نے دو سالہ تجوید و قراءت کورس کی کامیاب تکمیل اور لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات سے فراغت کے بعد ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ قرآنِ مجید کا علم صرف تلاوت تک محدود نہیں بلکہ اس کی حقیقی روح اس پر عمل، کردار سازی اور اس کے پیغام کو انسانیت تک پہنچانے میں مضمر ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگیوں کو قرآنی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں اخلاق، علم اور خدمت کا روشن نمونہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور جو قرآنی تعلیمات سے مضبوط وابستگی رکھتے ہیں وہ دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوتےہیں۔ موجودہ دور میں نوجوان نسل فکری انتشار، اخلاقی کمزوریوں اور مختلف سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے حالات میں قرآنِ مجید ہی اعتدال، بصیرت اور روحانی سکون کا سرچشمہ ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ تجوید و تحفیظ کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ یہ نوجوان نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اخلاق، کردار اور طرزِ عمل سے دین اسلام کی حقیقی اور پرامن تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کا علم انسان کے دل و دماغ کو منور کرتا اور اس کے اندر خدمتِ انسانیت، عاجزی، رواداری اور خیرخواہی کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ نوجوان اپنی علمی صلاحیتوں کو دین اور انسانیت کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں اور جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے قرآنی علوم کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن ہمیشہ ایسی نسل کی تربیت کے لیے کوشاں رہا ہے جو دینی علوم کے ساتھ عصری شعور اور مثبت فکر بھی رکھتی ہو۔ آغوش کمپلیکس اور منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قراءت و تحفیظ القرآن کا مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ صالح، باکردار اور باعمل انسان تیار کرنا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، وائس پرنسپل تحفیظ القرآن قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری، ڈائریکٹر شعبہ تجوید قاری خضر ذیشان نعیمی اور کیپٹن (ر) محمد رمضان بھی موجود تھے۔


















تبصرہ