خدمت خلق معاشرتی فلاح کا بہترین ذریعہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
حج اور قربانی اخلاص، اطاعت اور رضائے الہی کی عظیم عبادات ہیں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس سال بھی قربانی کا گوشت لاکھوں مستحقین تک پہنچائے گی
ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین نے جامع شیخ الاسلام میں نماز جمعہ ادا کی

لاہور (22 مئی 2026) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حج اور قربانی دونوں عظیم عبادات ہیں جن کی بنیاد اخلاص، اطاعت اور رضائے الٰہی پر قائم ہے۔ حج انسان کو صبر، مساوات، بندگی اور اللہ تعالیٰ کے حضور کامل سپردگی کا درس دیتا ہے جبکہ قربانی ایثار، وفاداری اور جذبۂ تسلیم و رضا کی عملی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالحجہ کے مبارک ایام اللہ تعالیٰ کے نزدیک نہایت فضیلت والے ہیں اور ان دنوں میں ادا کی جانے والی عبادات انسان کے ایمان کو تازگی اور روحانیت کو جلا بخشتی ہیں۔ حج اور قربانی کا پیغام یہ ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے تابع کریں اور انسانیت کی خدمت، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ عیدالاضحی اللہ تعالیٰ کی رضا، اطاعت، تقویٰ اور ایثار کا عظیم پیغام ہے۔ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا عمل نہیں بلکہ اپنے نفس، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع کرنے کا نام ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک امت مسلمہ کیلئے وفا، تسلیم و رضا اور اطاعتِ الٰہی کی روشن مثال ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کےاجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قربانی کے گوشت یا خون کو نہیں بلکہ بندے کے دل کے تقویٰ، نیت کے اخلاص اور جذبۂ بندگی کو قبول فرماتا ہے۔ اگر عبادت کے ساتھ اخلاص، عاجزی اور رضائے الٰہی کا جذبہ شامل نہ ہو تو اس کی روح متاثر ہو جاتی ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں اپنی ذات سے بڑھ کر دوسروں کے بارے میں سوچنے اور غریب، نادار اور محروم طبقات کو خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے۔ اسلام اجتماعی خوشی، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا دین ہے، اس لئے قربانی کے موقع پر سفید پوش اور ضرورت مند خاندانوں کو یاد رکھنا اسلامی تعلیمات کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کو سب سے زیادہ ایثار، محبت، برداشت اور خدمتِ خلق کے جذبے کی ضرورت ہے۔
علامہ رانا محمد ادریس نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سالانہ قربانی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کا گوشت منظم انداز میں ضرورت مندوں، مستحقین، یتیموں، بیواؤں اور محروم خاندانوں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق اسلامی معاشرت کا بنیادی ستون ہے اور محروم طبقات کی مدد اللہ تعالیٰ کی رضا اور معاشرتی فلاح کا ذریعہ بنتی ہے۔ قربانی مہم کا مقصد صرف گوشت کی تقسیم نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے ساتھ محبت، احساس اور عملی تعاون کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان، گوشہ نشینان اور اہلِ علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔


















تبصرہ