مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مورخہ: 24 اگست 2009ء

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ یہ مظاہرہ پریس کلب کے سامنے مورخہ 24 اگست 2009ء کو منعقد ہوا۔ جس میں لاہور بھر سے کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی۔  اس موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ سستے آٹے اور چینی کی قیمتوں کے رعائتی پیکج کو ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے ثبوتاز کر دیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر، منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور کے صدر چودھری عثمان گجر، امجد جٹ اور ناظم لاہورتحریک منہاج القرآن حفیظ اللہ جاوید نے بھی احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔

امیر لاہور ارشاد طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذخیرہ اندوزوں نے رمضان المبارک میں غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے غریب عوام کا سکون برباد کر دیا ہے۔ ملک بھر سے کریک ڈاؤن کے دوران لاکھوں بوریاں برآمد ہونے کے باوجود یوٹیلٹی سٹور پر چینی دستیاب نہیں جبکہ رمضان بازاروں میں سستے آٹے کے لیے لوگوں کو دھکے اور ڈنڈے کھانے پڑ رہے ہیں اور ریلیف کے نام پر غریب اور بے بس عوام کو تماشہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی رمضان پیکج کو ناکام بنانے کے لیے بیورو کریسی اور انتظامیہ سازشیں کر رہی ہے۔ جسے کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ حکمران ٹھوس منصوبہ بندی کر کے عوام کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری کے باعث ہونے والی خود کشیوں کے ذمہ دار افراد کو حساب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران غیروں کے اشاروں پر چلنا نہیں چھوڑیں گے تب تک ملک میں امن و امان اور خوشحالی نہیں آئے گی اور نہ ہی غریب کی تقدیر بدلے گی۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی او ر آٹے کی منصوعی قلت پیدا کرنے والے افراد کی تحقیقات کر کے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top