پاکستا ن میں بد حالی اور بد امنی کا عذاب ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے : محمد طاہرالقادری

معاشرے سے برائی ختم کرنے کے لیے اپنی طاقت کے مطابق جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کینیڈا سے
تحریک کے مرکزی عہدیداران سے ٹیلی فونک گفتگو

معاشرے سے برائی ختم کرنے کے لیے اپنی طاقت کے مطابق جدو جہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ برائی کو برائی نہ سمجھنا ایمان کی کمزوری ہے۔ وہی معاشرہ بامراد ہو گا جس کے افراد امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے داعی ہونگے۔ مسلمانوں کو نیکی کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا۔ پاکستان میں بد حالی اور بدامنی کا عذاب ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار بانی و سرپرست اعلی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک کے مرکزی عہدیداران سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی تعلیمات کو چھوڑ دیا ہے۔ خیر اور نیکی کے کام کی دعوت کو نظر انداز کر دیا ہے۔ جس وجہ سے عذاب الہی کا شکار ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں برائی بڑھ رہی ہے اور ہم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ہمارے پاس ووٹ کی طاقت ہے مگر ہم اس کا صحیح استعمال نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ووٹ کا صحیح استعمال کریں تو برائی کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اگر آج بھی پاکستانی قوم اپنے آپ کو بدلنا چاہتی ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے تو ووٹ کا صحیح استعمال کرے۔ یہی وہ ہتھیار ہے جس کے ذریعے سے نیک اور صالح قیادت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کا مسلمہ اصول ہے کہ چند افراد برائی میں مبتلا ہو تو اللہ تعالی عذاب نہیں دیتا لیکن برائی عام ہو رہی ہو اور اسے روکنے کی طاقت کے باوجود معاشرے کے افراد رد عمل کا اظہار نہ کریں تو اللہ تعالی کی طرف سے عذاب آتے ہیں۔ وہ عذاب بد کردار، بد دیانت اور بد اخلاق حکمرانوں کی صورت میں بھی ظہور ہوسکتے ہے، قوم سے ان کی غلطیوں کا شعور اور احساس بھی چھن جاتا ہے اور قوم دعاؤں کے قبول نہ ہونے کا رونا روتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں دین پر عمل کرنے والے لوگ اجنبی بن گے ہیں۔ انہیں بری نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ سب دین سے دوری کی علامتیں ہیں۔ انہوں نے کہا دین کے لیے جدوجہد اور سفر کرنے والے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ جس دور میں اسلام کو مسخ او ر داغدار کیا جارہا ہو۔ اس دور میں اسلام کا صحیح چہرہ سامنے لانا بہت بڑا جہاد ہے۔ تحریک منہاج القرآن یہی فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top