خواتین سے مشاورت کیے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ

کم سن شازیہ اور معصوم جمشید کے قتل جیسے واقعات عوامی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں
سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ کی لاہور سے آئے ورکنگ ویمن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ خواتین ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت بالخصوص ملازمت یا کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کیلئے بہترین اور موزوں پالیسیاں تشکیل دے۔ ہوشرباء مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے میں عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے لاہور سے آئے ورکنگ ویمن کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ، غربت و افلاس، بیروزگاری اور بالخصوص دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، اغوا برائے تاوان اور خواتین و بچوں کی بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ یہ وہ مسائل ہیں جنہوں نے عوام میں جان و مال کے عدم تحفظ میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ کم سن شازیہ اور معصوم جمشید کے قتل جیسے واقعات عوامی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ خواتین سے مشاورت کیے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت وقت پالیسیاں بناتے وقت خواتین کی شمولیت کو یقینی بنائے کیونکہ اس کے بغیر خواتین کی بہبود اور ترقی کی حامل پالیسیاں تشکیل دینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ملکی معاملات میں خواتین کی شمولیت سے یقینا معیشت کو بھی عظیم فائدہ ہوگا۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کیلئے ایسا ساز گار ماحول پیدا کریں جو خواتین کو اپنی صلاحتیں بروئے کار لانے اور پھر ان سے فائدہ اٹھانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہو۔ مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کیونکہ خواتین میں بڑھتی ہوئی خواندگی کی شرح افسوس نا ک اور خوفناک ہے۔ اور پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ تعلیم کے بغیر خواتین کی تعلیم صلاحتیں بے کار ہیں۔ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو تعلیم کی سہولتیں ان کی رہائش کے نزدیک میسر ہونی چاہیے تاکہ وہ آسانی سے تعلیم کے حصول کی طرف راغب ہوں اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاون و مدد گار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لے اور لوڈ شیڈنگ پر قابوپائے، لوڈ شیڈنگ کے باوجود غریب شہریوں کو ہزاروں کے بل قوم کو مایوس کرنے کی سازش ہے۔ لوڈ شیڈنگ نے ملک کو جنگل اور صحرا میں تبدیل کر دیا ہے۔ مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ کے دور میں کو ئی عوام کا پرسان حال نہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top