ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت

مورخہ: 08 مارچ 2010ء

مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک میں خوف و ہراس پھیلا یا ہوا ہے
عوام کا تحفظ اور قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے

بانی و سرپر ست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور (ماڈل ٹاؤن) میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں۔ لندن سے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے لاہور بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انتہاء پسندی اور ہر قسم کی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ ایسے عناصر انسانیت کے قاتل ہیں۔ انہوں نے شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی، لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال نے عوام کو عدم تحفظ کے شدید احساس میں مبتلا کیا ہوا ہے، اس سے نجات دلانے کیلئے ہر طبقہ ہائے فکر کے موثر افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک میں خوف و ہراس کی فضاء کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ اور قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے حکمرانو ں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک میں خوف و ہراس پھیلا یا ہوا ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور حکومت کو اس سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنا ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گردوں کا پولیس جیسے ادارے پر حملہ کرنا گہری سازش ہے۔ وہ ملک میں عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top