منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول پر محفل نعت

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام 13 فروری 2010ء کو پاکستان کلب ہال میں استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں عظیم الشان محفل نعت منعقد کی گئی۔ ہانگ کانگ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ استقبال ربیع الاول کی محفل تھی۔ جس میں ایک عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔ ہانگ کانگ میں پاکستانی قونصل جنرل ڈاکٹر احمد بلال پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔

معزز علماء کرام میں چیف امام جامع مسجد کولون مفتی محمد ارشد، علامہ قاری عبدالرحمان چشتی، علامہ محمد رمضان سیالوی، قاری قدرت اللہ سلطانی نے محفل میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ سرپرست ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ نیاز محمد خان علالت طبع کے باوجود محفل میں شریک ہوئے۔

نماز عشاء کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت قاری خلیل الرحمان چشتی نے حاصل کی۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کے صدر محمد سکندر باچہ نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر احمد بلال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے اس مبارک محفل میں آ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام پر دہشت گردی کے الزامات لگائے جارہے ہیں تو ایسے میں اس طرح کی محافل اس بات کی غماز ہیں کہ اسلام دین امن ہے اور اس میں دہشت گردی و انتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

اس محفل میں تقریباً 17 ثناء خوان نے اپنی پر سوز آواز میں بارگاہ رسالت ماٰب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر تمام مہمانان گرامی کو عرفان القرآن جبکہ نعت خواں احباب کو درود پاک کا خوبصورت فریم شدہ تحفہ پیش کیاگیا۔ نیاز محمد خان نے قرعہ اندازی کے ذریعے ظفر اقبال کو عمرے کا ٹکٹ دیا۔ حفیظ محمد اور محمد نسیم نقشبندی نے پروگرام میں نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ صلوٰۃ وسلام کے بعد علامہ محمد رمضان سیالوی کی خصوصی دعا سے یہ مبارک محفل اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں شرکاء کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس کے لئے حاجی محمد نجیب اورحاجی محمد شبیر نے خصوصی تعاون کیا تھا۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی (ہانگ کانگ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top