منہاج ایجوکیشن بورڈ کے تحت منعقدہ سالانہ امتحان 2010ء کے رزلٹ کا اعلان

منہاج ایجوکیشن بورڈ کے زیراہتمام سالانہ امتحانات 2010 میں 1 لاکھ طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جس کا رزلٹ 93 فیصد رہا اور اسے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی ویب سائٹ www.minhaj.edu.pk پر آن لائن کیا گیا۔ پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں مرکزی سیکرٹریٹ (تحریک منہاج القرآن) میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس ایم ظفر (چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی) نے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، محمد شاہد لطیف (ڈائریکٹر تعلیمات)، رانا طاہر سلیم (ڈپٹی ڈائریکٹر سکولز)، محمد اقبال ڈوگر (ڈپٹی ڈائریکٹر MSD)، سیف اللہ بھٹی (کنٹرولر امتحانات)، محمد اقبال شریف (ڈپٹی ڈائریکٹر)، علی وقار (اکاؤنٹس آفیسر)، حافظ نیاز احمد (پرنسپل) بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ایس ایم ظفر نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مؤقف یہ ہے کہ پاکستان کی تمام خرابیوں اور برائیوں کا علاج صرف تعلیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل ہماری تعلیم سے بہتر ہو سکتا ہے اور سائنس کے علم کی مسلمانوں کو اشد ضرورت ہے اور بد قسمی سے کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ سائنس انسان کو غیر مذہبی بنا دیتی ہے، ایک مسلمان کو سائنس کا علم یقین دلاتا ہے کہ اس کائنات کو بنانے والا خدا ہے۔ یہ اس کا عقیدہ ہے اور یہ محسوس کرتا ہے کہ سائنس کے ذریعے اس کواللہ تعالیٰ کی پہچان ہوتی ہے۔ میری اس وقت یہ خواہش ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ہم سب کا رجحان اس جانب بڑھے گا اور خاص طور پر والدین کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ دیکھیں کہ بچے میں سائنٹیفک کوالٹی موجود ہے تو اس کا رجحان ادھر جانے دیں اور بڑھنے دیں۔ ضروری نہیں ہے کہ کما کر خاندان کے لیے پیسے لے کر آئے اس کی بجائے وہ علم لے کر آئے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ تعلیم کا سلسلہ چلے گا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جس معاملے میں آگے بڑھے ہیں ان شاء اللہ وہ اس میں مزید ترقی کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top