منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد

مورخہ: 31 مارچ 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ میں عرصہ دراز سے ایک اسلامک سنٹرکی کمی محسوس کی جارہی تھی جو الحمدللہ مقامی مسلمان کمیونٹی کے تعاون سے پوری ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں لیمرک میں عظیم الشان سنٹر ’’المصطفیٰ اسلامک سنٹر‘‘ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اسلامک سنٹر کے افتتاح کے مبارک موقع پر ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل میں آئرلینڈ بھر سے مقامی پاکستانی مسلمان کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ المصطفیٰ اسلامک سنٹر کا افتتاح علامہ محمد عدیل منہاجین اور حافظ گل نواز نے فیتہ کاٹ کرکیا۔

محفل میلاد کا آغاز اسد ظفار کی تلاوت سے ہوا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس میں بابر خان، سلمان کیانی، سید مرتضیٰ شاہ، محمد تاج قادری، رضا حیدر، راشد ہزاروی، قاری عثمان اور ذیشان اطہر نعت خوانی میں حصہ لیا۔ پروگرام کی نقابت کی ذمہ داری فرخ وسیم بٹ نے نبھائی۔ پروگرام میں بچوں کے لیے بھی خصوصی محفل نعت ہوئی، جس میں ننھے بچوں نے خصوصی طور پر نعت خوانی کی۔ بچوں میں علی بٹ، اسامہ غفار اور سعود تابانی نے اپنے معصوم اور پیارے لہجے میں مدح رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

اس دوران پیر غلام دستگیر نے اپنے خیالات کا خوبصورتی سے اظہار کیا۔ بعد ازاں منہاج یونیورسٹی لاہور کے سکالر اور منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر محمد عدیل منہاجین نے’’شان رسالت‘‘ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان افروز خطاب کیا۔ انہوں نے ایمان کا مرکز و محور ذات سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قرار دیتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عملی و حبی وابستگی کا درس دیا۔

خطاب کے بعد حافظ گل نواز خاں نے اسلامک سنٹر کی انتظامیہ کی طرف سے تمام حاضرین، نعت خواں حضرات اور پروگرام میں تعاون کرنے والوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں ضیافت میلاد بھی پیش کی گئی۔

اس افتتاحی محفل میلاد میں تعاون کرنے والوں میں حافظ گل نواز خان، فرخ وسیم بٹ، خالد محمود، ساجد جاوید، عبدالقدیر، محمد عظیم، محمد سہیل، میاں وحید، یار محمد خان درانی، مدثر آغا، محمد علی(انڈیا) بابر خان، مشکور، محمود، آفتاب مٹھو، عثمان طاہر، عادل، دانش، اور دیگر طلبہ بھی شامل ہیں۔ المصطفیٰ اسلامک سنٹر میں مستقبل میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ گوشہ درود کی محفل اور دیگر اخلاقی وروحانی پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔

رپورٹ : فرخ وسیم بٹ ( آئرلینڈ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top