سائبر انتہا پسندی کے خلاف سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس اور منہاج یوتھ لیگ کے ملک گیر مظاہرے

مورخہ: 19 مئی 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مرکزی قائدین نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاکوں کے مقابلے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی CWC کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس مذموم مقابلے کے انعقاد کی تحریک منہاج القرآن بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اسے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیتی ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان،مسکین فیض الرحمٰن درانی، انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، شاہد لطیف قادری، احمد نوازانجم، ساجد محمود بھٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ پر اس طرح کے مقابلے کا اعلان درحقیقت ایسے انتہا پسند عناصر کی کاروائی ہے، جو عالمی امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر عالمی امن و بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ماحول کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ پوری دنیا میں آباد ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کے لئے ایک سازش تیار کی گئی ہے تاکہ اس پر مسلمان احتجاج کریں اور پھر اس احتجاج کے ذریعے مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جائے۔ لہٰذا تحریک منہاج القرآن تمام عالمی اداروں، حکومتوں اور امن پسند طاقتوں سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ سے اس پیج کو فوری طور پر ہٹانے کے لئے دباؤ ڈالا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن کی طرف سے پوری دنیا کے لیڈروں کو ان کے پاکستان میں موجود سفارتخانوں کے ذریعے سے ایک خط بھیجا جائے گا، جس میں یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ اس ویب سائٹ کو عالمی سطح پر بین کیا جائے اور اس کے علاوہ پاکستان میں اور بیرون ممالک میں بھی مختلف ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اس کو بین کرنے کے حق میں رائے عامہ ہموار کی جائے۔

اجلاس میں امت مسلمہ سے بھی یہ مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس ناپاک جرأت پر احتجاج کرتے ہوئے امن کے دامن کو نہ چھوڑیں کیونکہ ایسی سازش درحقیت امت مسلمہ کو مشتعل کر کے امن کو تباہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ لہٰذا پرامن رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں متنازعہ ویب سائٹس کو پاکستان میں بین کرنے کے مطالبہ کو پورا کرنے پر حکومت پاکستان کو سراہا گیا اور دیگر مسلم ممالک سے بھی اسی طرح کے فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

منہاج یوتھ لیگ کے زیراہتمام پرامن مظاہرے

دریں اثناء منہاج القرآن یوتھ لیگ نے معروف سوشل ویب سائٹ پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف 19 مئی 2010ء کو ملک بھر میں مظاہرے کیے۔ ان مظاہروں میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ مقامی شہریوں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔

لاہور

لاہور پریس کلب کے باہر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے توہین امیز خاکوں کے خلاف منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور نے ایک پرامن احتجاج منعقد کیا، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے گنبد خضریٰ اور اسم محمد والے خصوصی پوسٹر بھی اٹھا رکھے تھے۔ وہ دنیا میں بسنے والے ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے مذموم عمل کے خلاف نعرے لگا کر مطالبہ کر رہے تھے کہ ایسے انتہا پسند اقدامات انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ایسی بیہودہ ویب سائٹ کو مکمل اور مستقل طور پر بند کر دے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے صدر بلال مصطفوی نے کہا ہے کہ یہ مظاہرین مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام اسلامی ممالک غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی ویب سائٹس کو مکمل طور پر بین ک دیں۔ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کی سطح پر مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے والی ویب سائٹس کے خلاف آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر مقدس ہستیوں کے بارے میں ایسی بیہودہ مہم کا پایا جانا ناقابل برداشت ہے اور اس کے لیے حکومت پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک عالمی عدالت انصاف کو رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی دھجیاں بکھرنے پر تمام دنیا کے مسلمان ایسی ویب سائٹس کا استعمال کلیتا بند کر کے یہ مکروہ کام کرنے والوں کو نفرت کا پیغام دیں۔ یہ مجرمانہ اقدامات مسلمانوں کو مشتعل کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج پھر وقت آ گیا ہے کہ مسلمان اس گھناونی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد ندیم گوندل ، ثناء اللہ طاہری ڈپٹی سیکرٹری جنرل MYL، حافظ محمد وقار صدر MYL لاہور اور ارشاد احمد طاہر امیر تحریک منہاج القرآن لاہور نے بھی خطاب کیا۔

اسلام آباد

منہاج القرآن یوتھ لیگ راولپنڈی اور اسلام آباد کے زیراہتمام اسلام آباد پریس کلب کے سامنے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف 19 مئی 2010ء کو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مرکزی نائب صدر منہاج یوتھ لیگ تنویر احمد ملک نے کی اس ۔مظاہرے کی قیادت کی۔ سہیل احمد عباسی (ضلعی کوآرڈینیٹرMYL) سید اعجاز حسین شاہ (ضلعی صدر MYL) راجہ سعید احمد (ضلع جنرل سیکرٹری) ثاقب رسول کانجو (صدر MYL اسلام آباد NA-48) اقبال شیخ (صدر MYLاسلام آباد NA-49) محمد عرفان یوسف (مرکزی نائب صدر MSM) غلام مصطفی نورانی (مرکزی نائب صدر MSM) نے بھی مظاہرے میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر اسلام آباد کے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھی مظاہرین نے انٹر نیٹ پر کی جانے والی اس مکروہ سازش کے خلاف نعرہ بازی کی اور اس سے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ شرکاء نے توہین امیز خاکوں کے خلاف بینر بھی اٹھا رکھے تھے۔

سیالکوٹ

امتِ مسلمہ کے جذبات کو انٹرنیٹ کے ذریعے مجروح کرنے والے گستاخانہ عناصر کے خلاف منہاج القرآن یوتھ لیگ سیالکوٹ کی طرف سے علامہ اقبال چوک میں مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت ملک امجد محمود چاند (ضلعی کوآرڈنیٹر یوتھ لیگ) بلال علی (صدر MYL سیالکوٹ) نے کی۔ اس موقع پر سینکڑوں نوجوانوں نے حکومت پاکستان اور دیگر مسلمان ملکوں کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس گستاخانہ ویب سائٹ کو بند کر دیا جائے اور اس سے تمام مسلمان مکمل طور پر بائیکاٹ کریں اور عالمی برادری اس مکروہ سازش پر پابندی عائد کرے۔ مظاہرین نے کہا کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ جس کو روکنا مسلمانوں کا فرض ہے۔

فیصل آباد

منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والی سوشل ویب سائٹ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ 19 مئی 2010ء کو کیا گیا، جس کی قیادت میاں کاشف محمود (ضلعی صدر MYL فیصل آباد) نے کی۔ اس موقع پر فیصل آباد کے سینکڑوں نوجوانوں کے علاوہ منہاج القرآن فیصل آباد کے قائدین بھی مظاہرے میں شریک تھے۔

میاں کاشف محمود نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی انتہا پسندانہ ویب سائٹس کو پاکستان میں فوری بند کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سائبر انتہا پسندی کے خلاف ایکشن لے کر اس طرح کے مذموم کاموں کو ختم کروائے۔ مظاہرے اور ریلی سے رانا ناصر محمود، میاں ظفر اقبال، منظور رحمانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top