حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں رونے والا کھجور کا تنا امت مسلمہ کے ضمیر کو جھنجوڑ رہا ہے

مورخہ: 24 مئی 2010ء

فیس بک والوں کو 47 فیصد ریوینیو مسلمان ملکوں سے آتا ہے
تمام اسلامی ممالک مل کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو معاشی جھٹکا دیں
سارے مسلم ممالک مل کر پابندی عائد کریں تو مستقبل میں ایسی ناپاک اور مذموم جرآت کسی کو نہ ہو گی
ناموس رسالت کنونشن سے خواتین اور مختلف کالجوں کی طالبات کے خطابات

منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (طالبات) کے زیر اہتمام ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کنونشن کا انعقاد ہوا جسمیں پنجاب یونیورسٹی، منہاج کالج، پنجاب کالج، قائداعظم لاء کالج، گورنمنٹ کالج باغبانپورہ اور لاہور کالج آف کامرس کی طالبات نے شرکت کی۔ کنونشن کی صدارت سینئر ممبر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر نوشابہ نے کی جبکہ میڈم نبیلہ مہمان خصوصی تھیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں رونے والا کھجور کا تنا پکار پکار کر امت مسلمہ کے ضمیر کو جھنجوڑ رہا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق مضبوط کر کے ہی تمہارا وقار دنیا میں بحال ہو سکتا ہے۔ تمام اسلامی ممالک مل کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو معاشی جھٹکا دیں تو آئندہ کسی کو گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کرانے کی جرآت نہ ہو گی۔ ڈیڑھ ارب سے ز ائد امت مسلمہ 57 ممالک کی مالک ہے اگر متحد ہوتی تو کسی کو خاکے شائع کرنے کی ناپاک جرآت نہ ہوتی۔ فیس بک والوں کو 47 فیصد ریوینیومسلمان ملکوں سے آتا ہے، سارے مسلم ممالک مل کر پابندی عائد کریں تو مستقبل میں ایسی ناپاک اور مذموم جرآت کسی کو نہ ہو گی۔ افسوس OIC متحد نہیں مسلم ممالک آپس میں تجارت تک نہیں کرتے، ذاتی مفادات کی زنجیروں میں جکڑے مسلم ممالک غیر موثر ہو چکے ہیں۔ امت چاہتی ہے کہ دنیا میں اس کا وقار بحال ہو تو تعلیم میں بہت آگے جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے حقیقی عشق اور اتباع کرنا ہو گی۔ طالبات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ OIC کی طرف سے فیس بک کو بند کرنے کے پاکستان کے فیصلے کو انفرادی فیصلہ قرار دینا انتہائی مایوس کن ہے۔ اسی نا اتفاقی نے امت مسلمہ کو عالمی سطح پر رسوا کیا ہوا ہے۔ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چنگاری کو بھڑکا کر مسلمانوں کو تعلیم میں آگے بڑھنا ہو گا تاکہ وہ اسلام اور امت کو درپیش چیلنجز کا مقا بلہ کر سکیں۔ گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تحفظ دینا انسانیت کی توہین ہے۔ اسلام غیر مسلم کو تحفظ دیتا ہے مگر گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہیں۔ تہذیبوں کے تصادم کو روکنے کیلئے گستاخانہ خاکوں کو ہمیشہ کیلئے روکنا ہو گا۔ اس حوالے سے مغربی دنیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طالبات کی ناظمہ عفت اعوان اور ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ طاہرہ فردوس نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top