ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمدعباسی کا دورہ سندھ

مورخہ: 24 مئی 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سینئر نائب ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے 24 مئی 2010ء کو سندھ کا دورہ کیا۔ آپ کے اس دورے میں سندھ کے دو ڈویژن سکھر اور لاڑکانہ شامل تھے۔ ناظم اعلیٰ کے 2 روزہ دروے کا آغاز 24 مئی کو ہوا جبکہ ساجد محمود بھٹی 23 مئی 2010ء کو ہی سکھر پہنچ گئے تھے۔ جہاں سکھر، روہڑی اور دیگر مقامی تنظیمات اور صوبائی مرکزی قائدین نے آپ کا بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بذریعہ ہوائی جہاز سکھر پہنچے۔ سکھر ایئر پورٹ آمد پر سید محمد سالم شاہ نے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا استقبال کیا۔ سکھر میں انہوں نے ناظم اعلیٰ سے ملاقات کے دوران سندھ میں تحریک کے کام کے فروغ پر بات چیت کی اور یہاں تنظیمی امور اور اہم معاملات زیرِ بحث آئے۔ اس ملاقات کے وفد میں حفیظ اللہ بلوچ مرکزی نائب ناظم تنظیمات (برائے سندھ)، مخدوم ندیم احمد ہاشمی صوبائی امیر تحریک سندھ، ندیم احمد نقشبندی صوبائی ناظم تحریک سندھ اور سیف اللہ قادری صدر تحریک تحصیل ڈھرکی بھی شامل تھے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے لاڑکانہ پہنچنے پر صدر منہاج القرآن لاڑکانہ شیخ عبدالعزیز کے ہاں کارکنان کے ساتھ ملاقات کی نشست ہوئی۔ یہاں ناظم اعلیٰ کی صحافیوں کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں ناظم اعلیٰ نے تحریک کی ملکی اور بین الاقوامی خدمات اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے لائحہ عمل پیش کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف کتابی فتویٰ کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ اس موقع پر صحافیوں کو دہشت گردی کے خلاف جاری فتویٰ کی کاپیاں بھی پیش کیں گئیں۔ بعد میں کارکنان اور صحافیوں کے لیے ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔

دورے کے دوران مرکزی قائدین کا وفد لاڑکانہ میں درگاہ عالیہ مشوری شریف بھی پہنچا اور دربار شریف پر حاضری دی۔ یہاں قائدین نے حضرت پیر سائیں منظور احمد مشوری سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر حضرت پیر سائیں منظور احمد مشوری نے شیخ الاسلام کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ملت اسلامیہ کا قابل قدر سرمایہ قرار دیا۔ ملاقات میں ناظم اعلیٰ نے آستانوں اور درگاہوں پر دینی اور دنیاوی تعلیم اور تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ناظم اعلیٰ نے انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ کا تحفہ بھی پیش کیا۔

لاڑکانہ سے قائدین کا قافلہ شام 6 بجے بھرچونڈی شریف (ڈھرکی) کے لیے روانہ ہوا جو سکھر، شکار پور، پنوں عاقل، گھوٹکی اور میر پور ماتھیلو سے ہوتا ہوا رات 11 بجے ڈھرکی پہنچا۔ راستے میں مختلف مقامات پر منہاج القرآن کی مقامی تنظیمات نے مرکزی وفد کا بھرپور استقبال کیا۔ ڈہرکی بائی پاس پر ناظم اعلیٰ کا بھرپور استقبال کیا گیا، یہاں استقبالی وفد میں خادم حسین بھٹو، زاہد علی مصطفوی (ناظم)، سعید احمد بھیو، عبدالرحمٰن سمیجو، سکھر سے سیف اللہ بھنگر (صدر تحصیل ڈہرکی)، محمد اسحاق سمیجو، محمد اقبال سمیجو، خالد محمود اور ڈہرکی کی تنظیمی کارکنان بھی شامل تھے۔

ڈھرکی پہنچنے پر حضرت پیر سید ضیاء اللہ شاہ گیلانی بھی مرکزی قائدین کے قافلے میں شامل ہوگئے اور یہاں سے تمام معزز مہمان ڈھرکی درگاہ عالیہ بھرچونڈی شریف کے لیے روانہ ہوئے۔ جہاں خانقاہ عالیہ بھرچونڈی شریف میں صاحبزادہ میاں عبدالمالک اور ناظم اعلیٰ جامعہ صدیقیہ احیاء السلام جناب عبدالمجید قادری نے بھی معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ یہاں حضرت پیر صدیق احمد شاہ کے عرس مبارک کے موقع پر "بین الاقوامی حافظ الملت کانفرنس" منعقد تھی۔

سالانہ بین الاقوامی حافظ الملت کانفرنس 2010ء

سالانہ بین الاقوامی حافظ الملت کانفرنس 2010ء ڈہرکی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر میاں عبدالخالق القادری سجادہ نشین خانقاہ بھرچونڈی شریف نے کی۔ کانفرنس کے منتظم اعلیٰ حضرت صاحبزادہ میاں عبدالمالک القادری (مجن سائیں) تھے۔ کانفرنس میں دمشق شام سے پروفیسر ڈاکٹر محی الدین میقری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمٰن، ممبراسلامی نظریاتی کونسل اور صدر جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ مفتی محمد ابراہیم قادری، صدر جمعیت علمائے پاکستان پنجاب پیر سید محمد محفوظ شاہ مشہدی، ناظم تنظیم المدارس پنجاب سید محمد اجمل شاہ گیلانی، صدر مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان (پنجاب) علامہ ڈاکٹر محمد اشفاق جلالی اور دیگر معزز مہمان بھی کانفرنس میں شامل تھے۔

کانفرنس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ الملت حضرت محمد صدیق رحمۃ اللہ علیہ ایک ہمہ گیر، روحانی اور انقلابی شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اسلام کی جو بے مثال خدمت کی اور آج علماء و مشائخ کی موجودگی میں ہم تحریک منہاج القرآن کی طرف سے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان دنیا میں بے شمار چیزیں ایسی دیکھتا ہے جوحقیقت نہیں ہوتیں۔ ہم ظاہر کو دیکھنے والے لوگ ہیں اور انسانی جسم کو انسان کی حقیقت سمجھ لیا جاتا ہے جبکہ انسان کی اصل اس کا جسم نہیں بلکہ روح ہے۔ جب روح جسم سے نکل جائے تو یہ جسم میت بن جاتا ہے۔

آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں نماز پڑھنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ "نماز میرے ذکر کے لیے قائم کرو" تا کہ تمہیں میرا ذکر اور میری یاد مل جائے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے ہمیں روزے رکھنے کا حکم دیا۔ روزے کی حقیقت بھوکا پیاسا رہنا نہیں ہے، بلکہ روزے کی حقیقت تقویٰ ہے، جو بظاہر کسی کو نظر نہیں آتا۔ اسی طرح دنیا میں ہر چیز کا ایک ظاہر اور ایک باطن یعنی حقیقت ہوتی ہے۔ اس تناظر میں اگر ہم اسلام کا جائزہ لیں کہ تو دین اسلام کا بھی ایک ظاہر اور ایک باطن ہے۔ دین کا ظاہر دنیا میں اس پر عمل کرنا اور اس کا باطن آخرت میں دین پر عمل کرنے کا اجر ہے۔ جو ہمیں دنیا میں نظر نہیں آ سکتا۔

آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو ایک ماننا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت و نبوت پر کامل ایمان لانا اصل ایمان ہے۔ احسان اور ایمان اسلام کی حقیقت ہیں۔ ایمان کا تعلق اقرار کرنے سے ہے جبکہ احسان کا تعلق صوفیاء کی تعلیمات اور تصوف ہے۔ آج جو کوئی شخص حقیقت ایمان اور حقیقت اسلام تک پہنچنا چاہے تو تصوف کے راستے پر چلے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔ آپ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن آج اس پرفتن دور میں ایمان، احسان اور تصوف کے احیاء کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی تعلیمات میں ان تینوں کا حسین امتزاج پیش کر رہے ہیں۔

عرس مبارک میں جلسہ دستار فضیلت

ناظم اعلیٰ کے خطاب کے بعد عرس مبارک کی دوسری نشست جلسہ دستار فضیلت کی تھی جس میں جامعہ صدیقیہ احیاء الاسلام (رجسٹرڈ) اور اس سے منسلک مدارس کے 75 فارغ التحصیل حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ جامعہ صدیقیہ احیاء الاسلام پیر میاں عبدالخالق اور دیگر جید علماء کرام و مشائخ عظام نے اپنے دست مبارک سے حفاظ طلبہ کی دستار بندی کی۔ کانفرنس کے اختتام پر تمام مہمانان گرامی سے ناظم اعلیٰ کی ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کا کنونشن

تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کے زیراہتمام "ضلعی کنونشن" پبلک لائبریری ہال میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں گھوٹکی، میر پور ماتھیلو، ڈہرکی اور گڈو کے تنظیمی عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور محترم ساجد محمود بھٹی نے کارکنان کو تحریک کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ کارکنان کو تحریکی اہداف کے حصول، دعوت اور تنظیم کے کام کو مضبوط اور فعال بنانے کی اہمیت پر بھی لیکچر دیا گیا۔ کنونشن کے اختتام پر ناظم یونین کونسل ڈہرکی جام عبدالفتح سمیجو ساکی طرف سے تمام معزز مہمانوں کو ظہرانہ دیا گیا۔ جہاں پر صحافی حضرات بھی مدعو تھے۔ ظہرانے کے بعد ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی پریس بریفنگ بھی دی اور پھر وہ اپنے وفد کے ساتھ سکھر کیلئے روانہ ہوگئے۔

وفد گھوٹکی کے قریب قصبہ "سرحد" پہنچا تو یہاں حضرت پیر مظہر اقبال اور دیگر معززین نے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ملاقات کی۔ گھوٹکی میں وفد نے حضرت پیر سید مبارک علی شاہ گیلانی کی عیادت بھی کی۔ اس کے بعد مرکزی قائدین کا قافلہ سکھر کے لیے روانہ ہوا۔

منہاج القرآن سکھر کا ورکرز کنونشن

منہاج القرآن سکھر کے زیراہتمام ورکرز کنونشن کی تقریب ریڈ کارپٹ ہوٹل میں ہوئی، جس میں منہاج القرآن سکھر، روہڑی، شکار پور، مورو اور بھریا کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں حضرت مفتی اقبال حسین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر مخدوم ندیم احمد ہاشمی، ساجد محمود بھٹی اور ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کارکنان سے تنظیمی اور تربیتی امور پر بھی گفتگو کی۔

اس کے بعد شاہد محمود پٹھان کے ہاں ضیافت اور ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سکھر میں تحریک کے کام کے فروغ کے حوالے سے تجاویز زیر بحث آئیں۔ اختتام پر محترم شاہد پٹھان نے سکھر میں دروس عرفان القرآن شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ مرکزی وفد ریلوے اسٹیشن اور بعد ازاں بذریعہ ٹرین لاہور کے لیے روانہ ہوا۔ اس موقع پر مخدوم ندیم احمد ہاشمی، حفیظ اللہ بلوچ، بشیر احمد چنا نے اور دیگر افراد نے مرکزی قائدین کے وفد کو ریلوے اسٹیشن پر الوداع کیا۔ یوں یہ 2 روزہ دروہ سندھ کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top