جس شخص نے بے سہارا اور يتيم بچوں کي کفالت کي اس پر جنت واجب ہو گئی : علامہ حافظ اقبال اعظم

اوسلو (عقیل قادر) منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے مرکز پر مورخہ 15 جولائی 2010ء منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن یورپ کےڈائریکٹر علامہ حافظ اقبال اعظم نے آغوش پروجیکٹ کے حوالے سے خصوصی گفتگو فرمائی اور پروجیکٹ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ انہوں نے حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عمرو بن مالک قشیری رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا کہ جس شخص نے ایسے یتیم بچے کو جس کے ماں باپ مسلمان تھے اسے اپنے ساتھ کھانے میں شریک کیا یعنی اپنی کفالت میں لے لیا یہاں تک کہ اللہ تعالی نے بچے کو ان (کی کفالت سے) بے نیاز کر دیا یعنی وہ اپنی ضرورت خود پوری کرنے لگا تو اس شخص کے لیے جنت واجب ہو گی (مسند احمد، طبرانی، مجمع الزوائد)

اسی طرح انہوں نے ایک اور حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سہل بن سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا شخص جنت میں اس طرح (قریب) ہونگے پھر آپ نے اپنی شہادت کی انگلی اور بیچ والی انگلی سے اشارہ کیا۔ (بخاری شریف)

علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے کہا کہ منہاج ویلفئیر فاؤنڈیش نے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں ایک عظیم منصوبے "آغوش" کا آغاز کیا ہے جس میں 500 بچوں کی رہائش و سکول اور تعلیم کا انتظام و انصرام ہو گا۔ انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ اپنی زکوۃ، صدقات و عطیات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو دے کر اس عظیم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں تا کہ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں آخرت میں آقا علیہ السلام کی قربت نصیب ہو۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top