میڈیا نے NO اسی دن کر دی تھی جس دن پہلی خبر سنسر ہوئی تھی : خاور نعیم ہاشمی

اجڈ اسمبلی کو مجبور کیا گیا کہ وہ صحافیوں کے خلاف قراداد سامنے لائے
میڈیا کو HEC کے ڈائریکٹر جاوید لغاری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے
آج کا ہیرو میڈیا ہے جو پارلیمنٹ کا کردار بھی ادا کر رہا ہے
آج کا اینکر شیشے کے گھر میں رہتا ہے غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کرسکتا
پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام نشست "میڈیا پر پابندیاں اب نہیں" میں سینئر صحافیوں کا اظہار خیال

میڈیا نے NO اسی دن کر دی تھی جس دن پہلی خبر سنسر ہوئی تھی۔ ٹیلی ویژن کا اینکر میڈیا کو آزاد کرائے گا۔ اجڈ اسمبلی کو مجبور کیا گیا کہ وہ صحافیوں کے خلاف قراداد سامنے لائے۔ مٹھی بھر لوگ ہیں جو آزادی کا سودا کرتے ہیں ان پر نظر رکھنا ہو گی۔ نئے صحافی قابل اور محنتی ہیں یہ سیاست کا گند صاف کریں گے اور مستقبل کا جرنلزم مثالی جرنلزم ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی نے پاکستان عوامی تحریک کی ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا کی طرف سے سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک نشست "میڈیا پر پابندیاں۔۔۔۔ اب نہیں" کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر عامر وقاص چوہدری نے کہا کہ موجودہ قراداد میڈیا کو ڈی ریل کرنے کیلئے تھی۔ آج تک کسی ادارے کیخلاف قراداد نہیں لائی گئی، میڈیا کے خلاف یہ تیسرا حملہ ہواہے۔ میڈیا کو HEC کے ڈائریکٹر جاوید لغاری کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ میڈیا ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے عوامی مسائل کو اجاگر کر رہا ہے۔ اہل صحافت میں کتنے ہیں جن کے پاس جاگیریں ہیں میڈیا نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ملک کی تقدیر کے فیصلے کرنے والے اراکین پارلیمنٹ سے عوام کا اعتماد ختم ہو گیا۔ نشست سے فیض الرحمٰن درانی، نجم ولی، علی اصغر عباس، ایس امجد، بریگیڈئر (ر) فاروق حمید نے بھی خطاب کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میڈیا پر جب بھی حملہ ہوا ہے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن میڈیا کے شانہ بشانہ چلی ہے آج پارلیمنٹ کا کردار میڈیا ادا کر رہا ہے۔ میڈیا کرپٹ سیاستدانوں کو پروموٹ کرنا بند کرے اور صالح اور باکردار قیادت کیلئے راہ ہموار کرے۔ آج کا ہیرو میڈیا ہے جو پارلیمنٹ کا کردار بھی اد اکر رہا ہے میڈیا مزاحمت نہ کرتا تو اگلا پلان سامنے آجاتا۔ سابق صدر PUJ احسن ضیاء نے کہا کہ دنیا کی کسی اسمبلی میں ایسا نہیں ہوتا۔ پاکستان جیسے معاشرے میں جہاں کرپشن ہو وہاں آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ بہت ضروری ہے۔ میڈیا حکمرانوں کی راہ متعین کرے گا۔ جعلی ڈگری والوں کو مان لیا گیا تو کل جعلی ڈاکٹروں کو بھی ماننا پڑے گا۔ آج کا اینکر شیشے کے گھر میں رہتا ہے، غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کرسکتا۔ نعیم مصطفے نے کہا کہ ٹرائل صرف کورٹ کرتا ہے میڈیا صرف نشاندہی کرتا ہے۔ میڈیا کو آزادی دینا مجبوری تھی کیونکہ عالمی پریشر تھا۔ میڈیا ابھی مکمل آزاد نہیں اسی نے اپنے اوپر خود پابندیاں لگائی ہیں آزادی فلوٹیلا کی رپورٹنگ انٹرنیشنل میڈیا پر نہیں آسکی۔ پاکستانی صحافی نے بھی آدھا سچ بولا ہے۔ حسنین جاوید نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی قراداد ایک سازش ہے کیمرے کی آنکھ اور قلم کی نوک کو پابند سلاسل بنانا مذموم عمل ہے۔ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی جنگ میڈیا کو لڑنا ہے۔ میڈیا نے سٹیل مل، پنجاب بنک کی کرپشن کو آشکار کیا۔ میڈیا قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہا ہے۔ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ اپنے مقام کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھے نادیدہ قوتوں کے دباؤ کے سامنے میڈیا کو ڈٹنا ہو گا۔ میڈیا بتا رہا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔ انواراختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ میڈیا عوام کی سوچ بن چکا ہے۔ قیادت کے بحران کے حل کیلئے بھی کردار ادا کرے اور عوام کی ذہن سازی کرے۔ معیشت کی بہتری کیلئے بھی میڈیا مثبت کردار ادا کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top