داتا دربار پر حملہ امت مسلمہ کے اجتماعی شعور پر حملہ ہے

معاشرے میں تعلیمات صوفیاء کے چراغ روشن کرنے کی ضرورت ہے
دہشت گرد صوفیاء کی تعلیمات سے نہ صرف دور ہیں بلکہ تعلیمات صوفیاء کے دشمن ہیں
انسداد دہشت گردی اور تعلیمات صوفیاء سیمینار سے فیض الرحمن درانی، خواجہ غلام قطب الدین فریدی
قاری زوار بہادر، مفتی رمضان سیالوی و دیگر کا خطاب

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام انسداد دہشت گردی اور تعلیمات صوفیاء کے عنوان سے مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹر نیشنل میں سیمینار منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے کہا کہ صوفیا کرام کی تعلیمات سے انفرادی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے۔ صوفیاء نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جہاد کیا ہے تعلیمات صوفیاء ہی دین اسلام کی اصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیا کرام نے ہر دور میں امن، سلامت اور رواداری، کے پرچم کو بلند رکھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے داتا دربار کے خطیب مفتی علامہ رمضان سیالوی نے کہا کہ اس سے پہلے کہ ہم کسی قسم کے نعرہ ہائے تحسین بلند کریں اور خیالات کی کشتی میں بیٹھ کر ساحل مراد تک پہنچنے کی کی کوشش کریں ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ حالات نعرے لگانے سے نہیں بدل سکتے بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے تعلیمات صوفیاء کوفروغ نہ دیا تو اندھیروں میں ہی بھٹکتے رہیں گے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قاری زوار بہادر سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان نے کہا کہ داتا دربار پر حملہ امت مسلمہ کے اجتماعی شعور پر حملہ ہے کیونکہ مزارات مقدسہ ہماری عزت کے مقامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار پر حملہ کی ذمہ دار صوبائی اور مرکزی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازشیں ہو رہی ہیں معاشرے میں تعلیمات صوفیاء کے چراغ روشن کرنے کی ضرورت ہے۔ علامہ حافظ خان محمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات میں دشمنوں کے لیے بھی دعائیں ہیں وہ کسی کو دکھ نہیں دیتے بلکہ سکھ ہی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات صوفیاء میں عکس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کچھ نہیں ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ قطب الدین فریدی نے کہا کہ دہشت گرد صوفیاء کی تعلیمات سے دور ہیں بلکہ تعلیمات صوفیاء کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق انسانیت کی اصلاح اور فلاح کے چراغ جلائے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ تعلیمات صوفیاء کو ہم نے نظر انداز کر رکھا ہے اس لیے ہم ہدایت کے راستوں سے بھٹک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات ہی ہمیں گمراہیوں سے بچا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات نے ہر دور میں مسلمانوں کی مدد و رہنمائی کی ہے۔ صوفیاء کرام نے صبر، شکر، توکل اللہ کی رضا اور خدمت خلق کی عظیم مثالیں قائم کی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی حسیب نعیمی صدر نعیمین ایسوسی ایشن نے کہا کہ صوفیاء امن کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی آج بھی لوگوں کے دلوں پر حکومت ہے۔ سیمینار میں تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، علامہ حاجی امداد اللہ، علامہ محمد حسین آزاد، پیر علی احمد صابری، اور علامہ میر آصف اکبر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top