سیلاب متاثرین کے لیے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن فیصل آباد کی امدادی کارروائیاں

سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد نے فیصل آباد میں 80 امدادی کیمپ لگائے۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر نائب امیر حاجی محمد امین القادری، رانا غضنفر علی، خالد محمود رندھاوا، پروفیسر محمد عارف صدیقی، پروفیسر محمد ارشد اقبال، سید اقرار حسین شاہ، اللہ رکھا نعیم القادری، پروفیسر غلام مرتضیٰ، غلام محمد قادری، میاں کاشف محمود، محمد عرفان آصف بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر 2 کروڑ سے زائد بزرگ، مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور معصوم بچے پرامید نگاہوں سے ہماری طرف دیکھ رہے تھے۔ مواخات مدینہ سے اکتساب فیض کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہزاروں کارکنان بھی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نکل پڑے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے لیے فیصل آباد میں 80 امدادی کیمپ لگائے جس میں عوام سے مدد کی اپیل کی جارہی ہے۔ فیصل آباد کی غیور عوام نے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کا بھر پور ساتھ دیا۔ تاجر، وکلاء، علماء کرام، طلبہ، خواتین نے بھی اعتماد کرتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیئے۔ فیصل آباد میں عطیات دینے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد سیلاب متاثرین کے لیے راجن پور، جام پور، مظفر گڑھ، محمود کوٹ، کوڈ ادو، کوٹ سلطان، لیہ، کروڑ لعل عیسن، بھکر اورجھنگ میں 34 ٹرک سامان خرد و نوش کے بھیج چکے ہیں۔ امدادی سامان میں 950 خیمے بھی مہیا کیے گئے۔ ساڑھے 3 لاکھ روپے کی ادویات متاثرین کو مہیا کی گئیں۔ اس کے ساتھ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

عیدالفطر کے دن فیصل آباد کے عہدیداران نے عید سیلاب زدگان کے ساتھ گزاری۔ جہاں متاثرین میں عید گفٹ تقسیم کیے گئے جس میں نئے مردانہ، زنانہ اور بچگانہ سوٹ، نئے جوتے، چوڑیاں، جوس، ٹافیاں، غبارے، کھانا اور نقدی بھی شامل تھی۔

پریس کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی ہدایت پر مرکز نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کوضلع لیہ کی ذمہ داری دی گئی۔ وہاں پر 800 خاندان رجسٹرڈ کیے جن کی مکمل کفالت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔ ان خاندانوں کو ہفتہ وار راشن مہیا کیا جاتا ہے۔ جس میں آٹا 20 کلو، چینی 2 کلو، گھی 2 کلو، چاول 2 کلو، دالیں 3 کلو، مرچ ایک پاؤ، چائے 100گرام، صابن کلاتھ ایک کلو، سرف 1/2 کلو، صابن باتھ 2 ٹکی، دودھ 7 کلو، پیاز 3 کلو، ماچس 3 عدد، بسکٹ 3 رول اور جوس 5 عدد شامل ہیں۔

ہفتے بھر کا راشن اڑھائی ہزار روپے فی خاندان خرچ ہوئے۔ فیصل آباد سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی ہدایت پر اعتکاف منسوخ کرتے ہوئے 800 کارکنان نے متاثرین کے لیے فیلڈ کا رخ کیا۔ جہاں اعتکاف سے پہلے فیصل آباد سے 15 ٹرک گئے اور پھر 10 دن کے اندر 19 ٹرک سامان روانہ کیا گیا۔ فیصل آباد شہر میں اللہ کے فضل و کرم سے سب سے بڑا امدادی کیمپ گلبرگ اے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ہے جو متاثرین کی گھروں میں واپسی تک کام کرتا رہیگا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top