تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اس امر کا احساس دلانا بہت ضروری ہے کہ مذہب کوئی بھی ہو امن کا درس دیتا ہے

اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور انتہا پسندانہ رویے کسی بھی سطح پر ہوں ان کی شدید مذمت کرتا ہے
امن کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے مقررین کا خطاب

تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اس امر کا احساس دلانا بہت ضروری ہے کہ مذہب کوئی بھی ہو امن کا درس دیتا ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہر مذہب میں مٹھی بھر انتہاپسند لوگ موجود ہیں جو امن کی آفاقی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے گریزاں ہیں اور اپنے عمل سے عالمی امن کے لیے مستقل خطرہ ہیں۔ مگر امن کے لیے کام کرنے والے افراد کی تعداد ہر دور میں زیادہ رہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کاوشوں میں یکجہتی پیدا کی جائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ مذاہب کے مشترکات کو لے کر آگے بڑھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے URI پاکستان اور منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلشنز کے زیراہتمام امن کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ صدارت فادر عابد حبیب نے کی جبکہ راجہ جمیل اجمل، ڈاکٹر کنور فیروز اور وکٹر ڈینییل مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ یوئیل بھٹی ایگزیکٹو سیکرٹری URI تقریب کے میزبان تھے۔ تقریب میں مسلم، مسیح، ہندو، سکھ، پارسی، بہائی مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ فادر عابد حبیب نے کہا کہ اس وقت امن عالم کو جو خطرات لاحق ہیں ضروری ہے کہ مذاہب کی حقیقی تعلیمات جو امن کے فروغ پر قائم ہیں کو دنیا کے سامنے لایا جائے اس کے لیے پاکستان میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے مل کرکام کرنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور انتہا پسندانہ رویے کسی بھی سطح پر ہوں ان کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دوسرے مذاہب کا احترام اس کی بنیادی تعلیمات کا حصہ ہے اور ایک انسان کی زندگی کے خاتمہ کو ساری انسانیت کے قتل کے برابر قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر جس فکری جنگ کا آغاز کیا ہے وہ پوری دنیا سے دہشت گردی کے خاتمہ میں انتہائی معاون ہوگی۔ ان کافتویٰ مختلف مذاہب کے اربوں انسانوں کے لیے امن کی اہمیت کو واضح کرنے اور دین اسلام کے بارے میں پائے جانے شکوک و شبہات کے ازالے کا باعث ہو گا۔ یوئیل بھٹی نے کہا کہ امن عالم کو لاحق خطرات تقاضہ کرتے ہیں کہ یکجہتی کے ساتھ دہشت کردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ معتبر شخصیت ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے کینسر کے علاج کے لیے ہمہ جہت رہنمائی دے دی ہے۔ مغربی حکومتیں ان کے فتویٰ کو اس حوالے سے انتہائی اہم ڈاکومنٹ قرار دے چکی ہے اور عالمی میڈیا نے اسکی جس سطح پر پزیرائی کی ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ اب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی بے سمت کاوشوں کو منظم اور زیادہ مؤثر بنانے میں بہت مدد ملے گی۔ ڈاکٹر کنول فیروز نے کہا کہ امن کا عالمی دن ہمیں امن کے قیام کے لیے کوششوں کو تیز تر کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ وکٹر ڈینیل نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چوہدری زبیر احمد، ترن جیت سنگھ، پنڈت لال، مسٹر یوسف بجنوری، سعدیہ زبیر، سبینہ رفعت نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اے بی سی فار آل سکول کے بچوں نے امن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ٹیبلو پیش کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top