شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی وتحقیقی خدما ت کے اعتراف میں برمنگھم میں تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم کے زیر اہتمام مورخہ 18 اکتوبر2010ء بروز سوموار کو بعد نماز ظہر برمنگھم سنٹر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی وتحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کر نے کے لئے ایک خوبصورت نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ویسٹ میڈ لینڈ اور بلیک کنٹری سے تعلق رکھنے والے علماء ومشائخ اور مفتیان کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، اس کے بعد آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اجتماعی طور پر درود شریف پڑھا گیااور حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے اپنی پر سوز آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ نقابت کے فرائض سید بخاری نے ادا کئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلطان باہو ٹرسٹ کے سید ظفر اللہ شاہ نے کہا کہ برطانیہ ویورپ سمیت مغربی ممالک کی نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات سے منور کرنے کے لئے دینی ودنیاوی علوم کو ہم آہنگ اور جدید طرز پر تحقیقی و حوالہ جاتی طرز سے باہم پہنچانے کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی تھی اس کمی کو پورا کرنے کے لئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورہ بخاری ومسلم، شان حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور مقام صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ جیسے موضوعات پر علمی مقالوں اور خطابات نے جہاں قدیم علمی ماحول کو زندہ کرنے کی بنیاد رکھی ہے وہاں علماء ومشائخ اور آنے والی نسلوں کے لئے اکیسویں صدی سے مطابقت رکھتی دینی علوم کی تشریح و تحقیق کو بھی امت تک پہنچانے کی خدمت سرانجام دی ہے۔

گھمگول شریف کے خطیب علامہ نیاز احمد صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دینی عقائد کی درستگی اور تعلیم یافتہ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو علم کے اسلحہ سے لیس کر دیا ہے۔ اب محض بے بنیاد کتابی لٹریچر کی بنیاد پر امت مسلمہ کے عقائد سے کھیلنے والوں کے لئے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ علامہ مفتی محمد اسماعیل نے کہا کہ شیخ الاسلام کا علمی و تحقیقی کام مدتوں تک امت مسلمہ کی راہنمائی اور دین اسلام کے محبت کے پیغام کو عام کرتا رہے گا۔

علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دینی و دنیاوی علوم کا عظیم مجموعہ ہونے کے ساتھ ساتھ امن پسند شخصیت کے حامل انسان بھی ہیں جو دنیا بھر میں امت مسلمہ پر آئے ہوئے اس کڑے وقت میں امن کے سفیر کی حیثیت سے دین اسلام اور امت مسلمہ کے امن پسندی کے پیغام کو عام کررہے ہیں ان کے دہشت گردی کے خلاف تفصیلی فتویٰ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو نیا اعتماد اور حوصلہ دیا ہے جس کے سبب وہ دنیا کے ہ رپلیٹ فارم سے اپنے دین اور اسلامی اقدار کا کامیاب دفاع کر سکتے ہیں۔علامہ حافظ محمد اشفاق عالم قادری نے کہا کہ مغربی مسلمان نوجوانوں کے لئے کئی سالوں سے منعقدہ الہدایہ کیمپ وہ عظیم دینی خدمت ہے جو موجودہ صدی کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔

سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا زیو رتعلیم سے آراستہ ہوئے بغیر امت مسلمہ خود کو بین الاقوامی سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل سے مقابلہ کرنے کے قابل نہیں بنا سکتی کیونکہ تمام تر قابلیت اور اہلیت کے بنیاد دینی ودنیاوی علوم کا حصول ہے اسلامی تعلمیات کبھی بھی کسی خاص دور سے متعلق نہیں رہیں بلکہ جوں جوں دنیاوی علوم ترقی کی منازل طے کررہے ہیں اسلامی علوم کا خزانہ بھی مسلمان سکالرز اور مفکرین کے ذریعے منظر عام پر آرہا ہے شرط صرف یہ ہے کہ ان اسلامی علوم وفنون کو تحقیق وتشریح کے ذیعے زمانے اور نسل تک پہنچانے کے لئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی شخصیات کا وجود چاہیئے جن کو رب کریم نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلے سے دنیاوی اور دینی علوم پر دسترس دے رکھی ہو۔

تقریب سے علامہ بوستان قادری، علامہ ارشاد احمد رضوی، مفتی طاہر چشتی، علامہ محمد رفیق چشتی، علامہ محمد یوسف نقشبندی، علامہ قاری صادق ضیائی، علامہ سیف الاعطم، حافظ ابو احمدالشیرازی اور دیگر علماء ومشائخ نے اپنے اپنے انداز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top