تحریک منہاج القرآن اپنے تنظیمی نیٹ ورک اور مؤثر دعوت کے حوالے سے ساری دنیا میں منفرد شناخت بنا چکی ہے : شیخ زاہد فیاض

پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات انتہائی قابل ندمت ہیں
17 کروڑ عوام اسلام اور پاکستان دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں
قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی جرمنی اور امریکہ سے آئے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن (جرمنی) کے صدر فیض احمد کی قیادت میں گزشتہ روز امریکہ اور جرمنی سے آئے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کے ایک وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا وزٹ کیا۔ وفد میں نیویارک امریکہ سے عمر حیات تارڑ، منیر احمد تارڑ جبکہ جرمنی سے خضر حیات اور خوشنود احمد شامل تھے۔ وفد نے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سے ان کے آفس میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک اور ناظم امورخارجہ راجہ جمیل اجمل بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا کے 5 براعظموں میں دین حق کا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی صورت میں عالم اسلام کو ایسی تحریک عطا کردی ہے جو اپنے تنظیمی نیٹ ورک اور مؤثر دعوت کے حوالے سے ساری دنیا میں منفرد شناخت بنا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کی اصلاح اور دین مبین کی مختلف جہتوں میں تجدید کا فریضہ انجام دینے والی تحریک اسلام کی حقیقی تعلیمات عام کررہی ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے وفد کو بتایا کہ یورپ میں بسنے والے مسلمانوں اور خاص کر نوجوانوں کی اکثریت کو تحریک منہاج القرآن نے یہ شعور عطا کیا ہے کہ اسلام قیامت تک کے لیے قابل عمل دین ہے۔

وفد کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے قائمقام ناظم اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات انتہائی قابل ندمت ہیں۔ ملک کو معاشی اور سیاسی لحاظ سے کمزور کرنے کا خواب دیکھنے والے اس مملکت خداداد کی سالمیت کے خلاف گہری سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا کوئی مذہب نہیں۔

پاکستان کی یکجہتی اور سالمیت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اتحاد اور یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیا جائے اور 17 کروڑ عوام اسلام اور پاکستان دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ آخر میں شیخ زاہد فیاض نے راجہ جمیل اجمل اور جی ایم ملک کی موجودگی میں وفد کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ترجمہ عرفان القرآن (قرآن پاک) کا تحفہ پیش کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top