سیلاب زدگان کے لیے منہاج خیمہ بستی سکولز پراجیکٹ کا آغاز

اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے 2 کڑور سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں متاثرین بچوں کی تعداد 90 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ان 90 لاکھ سے زائد بچوں کے ہزاروں سکول سیلاب کی نذر ہو گئے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق اپنے گھر بار اور عزیز و اقرباء کی جدائی کے دکھ نے متاثرہ بچوں کی جذباتی نشوونما کو بہت برے طریقے سے متاثر کیا ہے۔

تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سیلاب سے متاثرہ بچوں کے لیے دیگر ضروریات زندگی کے علاوہ تعلیمی ضروریات کو بھی پورا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ اس کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) کو منہاج خیمہ بستیوں میں ’’منہاج خیمہ بستی سکول‘‘ کھولنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) کے زیراہتمام متاثرین سیلاب کے لیے قائم مختلف خیمہ بستیوں میں ’’منہاج خیمہ بستی سکولز پراجیکٹ‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں قائم ہونے والے پراجیکٹ کے سلسلہ کی اہم کڑی تصور کئے جا رہے ہیں۔ ان پراجیکٹس کی لانچنگ کے لیے اکوڑہ اور نوشہرہ میں تقریب منعقد ہوئی۔

اکوڑہ خٹک میں تقریب

سیلاب متاثرین سیلاب کے لیے ’’منہاج خیمہ بستی‘‘ نوشہرہ سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر عین جی ٹی روڈ اکوڑہ خٹک پر قائم کی گئی۔ جس میں درجنوں متاثرہ خاندان آباد ہیں۔ یہاں ’’منہاج خیمہ بستی سکول‘‘ کا افتتاح معروف اداکار عثمان پیرزادہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محمد شاہد لطیف، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کی کوریج کے لیے الیکٹرنک و پرنٹ میڈیا کے نمائندے بھی یہاں موجود تھے۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر محمد شاہد لطیف قادری نے کہا کہ ’’منہاج خیمہ بستی‘‘ میں موجود بچوں کے لیے سکول کا آغاز بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں چھوٹے بچے اور بچیوں کے لیے مفت کتابوں اور تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ نونہال وطن زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

منہاج خیمہ بستی سکول کمیٹی کے سربراہ عمران بھٹی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیمہ بستی سکول میں روایتی طرز تعلیم کی بجائے Activity based تدریس کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔ جس میں بچوں کے لیے Colouring games اور Story Telling کے جدید اور موئژ طریقہ تدریس اختیار کیا گیا ہے۔ حاضرین اور سکول کے بچوں کے لیے Drawing and Coloring work کے چارٹس بھی سکول کی دیواروں پر آویزاں کیے گئے۔ جس کو مہمانوں نے بہت سراہا۔ خصوصاً بچوں کی طرف سے دریا کے نام لکھے گئے خط نے تمام لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی۔

ملک کے معروف اداکار عثمان پیر زادہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے لیے بنائے گئی خیمہ بستی کا وزٹ کرکے بہت خوش ہوئی۔ یہاں فلاح اور تعلیم کا حسین امتراج دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کا جذبہ مثالی ہے جو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب کے دوران بچوں نے پرفارم بھی کیا۔

منہاج خیمہ بستی نوشہرہ میں 2 سکولز کا قیام

منہاج خیمہ بستی نوشہرہ میں 200 سے زائد سیلاب سے متاثرہ خاندان آباد ہیں۔ جہاں متاثرین سیلاب کے بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ 2 منہاج خیمہ بستی سکول قائم کئے گئے۔ ان سکولوں کا افتتاح منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین اور معروف قانون دان و سینیٹر محترم ایس ایم ظفر نے کیا۔ ڈائریکٹر منہاج ایجوکشن سوسائٹی محمد شاہد لطیف قادری، ڈپٹی ڈائریکٹر MSD اقبال ڈوگر، کنٹرولر امتحانات سیف اللہ بھٹی، علی وقار کے علاوہ دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

افتتاحی تقریب میں سینیٹر و قانون دان ایس ایم ظفر بچوں میں گھل مل گئے اور ان کی خیریت بھی دریافت کی۔ بچوں نے معزز مہانوں کو اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئی ڈرائنگ اور پینٹنگز بھی دکھائیں جسے وہاں موجود مہمانوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بچوں اور بالخصوص بچیوں نے بتایا کہ منہاج خیمہ بستی سکول کی بدولت زندگی میں پہلی بار سکول میں پڑھنا نصیب ہوا ہے۔

تقریب میں بچوں اور والدین کے جذبات دیدنی تھے۔ بچوں نے خوشی سے سرشار ہو کر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بھی بلند کئے۔ تقریب کے دوران بچوں کے والدین نے کہا کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شکر گزار ہیں، جن کی کاوشوں سے آج بچوں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر دوبارہ خوشیاں دیکھنے کو ملیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محترم شاہد لطیف قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے متاثرین سیلاب کے بچوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے سکولز کا افتتاح کیا ہے۔ اس کا مقصد بچوں کو ذہنی و نفسیاتی طور پر معمول کی زندگی پر واپس لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر بچوں کے لیے سکولز کا اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں کی مفت تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب کا باقاعدہ اختتام متاثرین سیلاب کی بحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ: محمد عمران بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ (MES)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top