کراچی میں دہشت گردی کے روح فرساں واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے : سمیرا رفاقت

حکومت دہشت گردی سے نبٹنے کیلئے غیرمعمولی اقدامات اٹھائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سانحہ کراچی میں شہید ہونیوالوں کیلئے قرآن خوانی

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کراچی بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے واے سفاک عناصر انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ بم دھماکوں کا تسلسل پاکستان کی سلامتی کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مشاورتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر صدف اقبال، ڈاکٹر نوشابہ، عائشہ شبیر، مریم حفیظ و دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔

سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر نے پاکستان کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور خاص طور پر خواتین اور بچوں میں عدم تحفظ کے شدیداحساس نے انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی سے نبٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے دہشت گردی کی ان کارروائیوں کو غیرانسانی اور غیراسلامی فعل قررار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام اس قسم کے قبیح اور مذموم فعل کی اجازت ہرگز نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے روح فرساں واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ مشاورتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سمیرا رفاقت نے کہا کہ اس وقت ملک اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ یہ وقت ذاتی مفادات کیلئے جنگ لڑنے کا نہیں بلکہ فروعی اختلافات بھلا کر ملک کی بقا کی خاطر جدوجہد کرنے کا ہے۔ ملک و قوم کو درپیش چیلنجز انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اگر ہم وطن عزیز میں امن و خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں تو پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس میں کراچی سانحہ میں شہید ہونیوالوں کیلئے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی، زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top