شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت مغرب اور مشرق کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے : حاجی حمید اللہ

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تحقیقی کام اسلام کے حقیقی چہرے کو عیاں کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کر رہا ہے
فرانس کی معروف کاروباری شخصیت کی سینئر نائب ناظم اعلیٰ سے ملاقات کے دوران گفتگو

تحریک منہاج القرآن فرانس کی مجلس شوریٰ کے صدر اور معروف کاروباری شخصیت حاجی حمید اللہ نے گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی اس موقع پر نائب ناظمین اعلیٰ جی ایم ملک اور رانا محمد ادریس، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، جاوید اقبال قادری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔ انہوں نے تحریک کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس میں رہنے والے تارکین وطن کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وطن عزیز میں ابتر معاشی و سیاسی حالات، مہنگائی، دہشت گردی کے تسلسل اور سیاسی کھینچا تانی کے ماحول پر وہاں بسنے والے پاکستانی دل گرفتہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہا ج القرآن فرانس میں اسلام کے حوالے سے پائی جانیوالی غلط فہمیوں کے ازالے اور اسلام کے تصور امن کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جسے وہاں بسنے والے مسلمان اور دیگر مذاہب کی اکثریت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت مغرب اور مشرق کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو اسلام سے نتھی کرنے کی منفی کوششوں کے خلاف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تحقیقی کام اسلام کے حقیقی چہرے کو عیاں کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک ہے اور اس سے وابستہ لاکھوں افراد اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پھیلانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top