منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام مورخہ 14 فروری بروز سوموار (11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب) منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں شب میلاد کے موقع پر خصوصی محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں بارسلونا، بادالونا اور اوسپتالیت سمیت دیگر قریبی علاقوں سے سینکڑوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی اسلامک سنٹر بارسلونا کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد عابد نقشبندی نے تلاوت کلام مجید سے کیا جس کے بعد منہاج نعت کونسل کی ٹیم، تنزیر الرحمن، محمد شفیق، محمد مہتاب، حافظ محمد عاطف، سجاد گولڑوی، محمد عثمان قادری، محسن صدیق، حافظ محمد جبران، ابرار حسین، محمد ارشد اور وقار حسین نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل میں نقابت کے فرائض حافظ محمد عابد نقشبندی نے ادا کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبدالرشید شریفی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر ظلمت اور تاریکیاں ختم ہوگئیں, گمراہی ختم ہوئی اور علم و نور آیا۔ ابو لہب نے جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی تو اللہ رب العز ت نے اس کی مذمت میں اپنے کلام کی پوری سورت نازل کر دی اور اس طرح ابو لہب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جہنم میں ڈال دیا گیا لیکن احادیث سے یہ بات ثابت ہے کہ پیر والے دن ابو لہب کے عذاب میں کمی کی جاتی ہے کیونکہ اس نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں اپنی ایک لونڈی کو آزاد کیا تھا، لہذا ولادت کی خوشی منانے کی وجہ سے جب اللہ کریم ایک کافر کو محروم نہیں رکھتا تو ہم تو پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی ہیں۔ اس موقع پر جتنی خوشی منائی جائے وہ کم ہے کیونکہ یہ عمل اللہ رب العزت کو بہت پسند ہے۔

پروگرام کا اختتام درود و سلام کے نذرانے سے ہوا اور امت مسلمہ کی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل کے آخری حصہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب پروجیکٹر کے ذریعے دکھایا گیا۔ دعا کے بعد جملہ شرکائے محفل کو مٹھائی تقسیم کی گئی۔

رپورٹ: نوید احمداندلسی، محمد عتیق قادری

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top