سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کا تنظیمی دورہ لودہراں

مورخہ: 28 مارچ 2011ء

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور امیر پنجاب احمد نواز انجم نے ضلع لودہراں کا تنظیمی دورہ کیا۔ جس میں لودہراں، دنیا پور اور کہروڑ پکا کی تحصیلوں کے عہدیداران حاجی راؤ شمشاد علی کے گھر پر جمع ہوئے۔ اس موقع پر مرکزی رہنماؤں نے تحریک منہاج القرآن کی جاری سرگرمیوں کا فالو اپ (follow up) لیا اور تنظیمی امور کی بہتری کے لیے دیگر ضروری ہدایات دیں۔ صدر تحریک منہاج القرآن ملک اسلم حماد نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہم نے مرکز کی طرف سے دیا گیا ٹارگٹ پورا کر لیا ہے۔ انہوں نے مرکزی قائدین کو بتایا کہ 9 اپریل 2011ء کو شیڈول تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے ورکرز کنونشن میں لودہراں سے دو بسوں پر مشتمل کارکنوں کا قافلہ لاہور پہنچے گا۔

صدر تحریک منہاج القرآن دنیا پور اور صدر تحریک منہاج القرآن کہروڑ پکا رانا مختیار احمد نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ جبکہ سرپرست تحریک منہاج القرآن کہروڑپکا راؤ شمشاد علی خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

پروگرام میں امیر پنجاب احمد نواز انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک بھر میں شعوری انقلاب کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ جس کے لیے تحریکی و تنظیمی سطح پر تیزی سے کام جاری ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے ضلع لودہراں کے کارکنان کو تحریک کے لیے اعلیٰ خدمات پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص قائد کے کارکنوں سے محبت نہیں کرتا، اس کا اپنے قائد سے دعویٰ محبت جھوٹا ہے اور فیض کا تعلق دوری سے نہیں بلکہ دل کی پاکیزگی، ادب اور دل کے دل سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں میں دروس عرفان القرآن کو ہر صورت نتیجہ خیز بنایا جائے۔ اس حوالے سے ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا احسان پوری زندگی نہیں اتار سکتے کہ انہوں نے ہمارے دلوں کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے معمور کر دیا ہے۔ آج ہمیں اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں اپنی زبان کو شیریں بنانا اور اپنی ذات کی اصلاح پر زور دینا ہوگا۔

آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت یابی، ملک پاکستان کے استحکام اور تحریک منہاج القرآن کی ترقی کے لیے دعا کی گئی۔ اس پروگرام میں حاجی عزیز بھٹی، ملک سلطان، چودھری عبدالغفار، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، ملک عابد جوئیہ، اسماعیل مہرآبادی، ملک نعمان، ملک سلمان، سید مدثر بخاری، ملک احمد یار چنڑ اور قاری عبدالقیوم غوری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top