حکومت پنجاب ڈاکٹروں کی تنخواہ میں معقول اضافہ کرے اور ڈاکٹر فوری طور پر ہڑتال ختم کر دیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مسیحائی کے دعویداروں کو اپنا حق لینے کیلئے ایسا طریقہ نہیں اپنانا چاہیے
مسئلے کا طوالت اختیار کر جانا مریضوں اور ان کے خاندانوں کیلئے اذیت کا باعث ہے

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈاکٹروں کی تنخواہ میں معقول اضافہ کرے اور ڈاکٹرز فوری طور پر ہڑتال ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنے حق کیلئے احتجاج ضرور کریں مگر ہڑتال کر کے وہ مریضوں کے قتل عام کے مرتکب ہو رہے ہیں، مریض اور عوام ڈاکٹروں کی ہڑتال کا براہ راست شکار بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو پہلے ہی علاج کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے ان کے پیارے مرنے پر مجبور ہیں اس لئے مسیحائی کے دعویداروں کو اپنا حق لینے کیلئے ایسا طریقہ نہیں اپنانا چاہیے جس سے انسانی جانیں خطرے سے دوچار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب ڈاکٹروں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے اور انکی تنخواہوں میں اضافہ کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے باعزت اضافہ کو یقینی بنائے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس مسئلے کا طوالت اختیار کر جانا مریضوں اور ان کے خاندانوں کیلئے اذیت کا باعث ہے اس لئے پنجاب حکومت پہلی ترجیح میں اس مسئلے کو فی الفور حل کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top