قوم ایسی قیادت کوآگے لائے جو مذہبی اور سیکولر دونوں طبقوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکے : فیض الرحمن درانی

ہم بطور قوم اپنی شناخت کھو کر ظالمانہ استحصالی طبقے کی غلامی میں رہنے کے عادی ہو چکے ہیں
علامہ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کا جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن علامہ صاحبزادہ فیض الرحمن خان درانی نے کہا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ، گیس، پانی کی کمیابی، اشیائے خورد و نوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں، دہشت گردی کی نہ رکنے والی جان لیوا لہر، انتہا پسندانہ رویے، خونی رشتوں سے ناروا سلوک، بڑوں سے بدسلوکی اور امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی خلیج خطہ پاکستان پر بسنے والوں پر اللہ کی ناراضگی کی نشانیاں ہیں۔ ہم بطور قوم اپنی شناخت کھو کر ظالمانہ استحصالی طبقے کی غلامی میں رہنے کے عادی ہو چکے ہیں۔

اللہ تعالیٰ قوموں کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت کو بدلنے کا فیصلہ کر کے جدوجہد نہ شروع کر دیں۔ مذہب اور سیاست دین اسلام کے دو جزو ہیں۔ پاکستانی قوم کا جرم یہ ہے کہ روایتی عبادات کو مذہب سمجھ لیا گیا ہے اور ظالموں کی سیاست کو قبول کر لیا گیا ہے۔ مصطفوی سیاست میں عوام کے حقیقی نمائندوں کو مقتدر بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روایتی مذہبی اور روایتی سیاسی قیادت اس ملک کا مقدر بدلنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ قوم ایسی قیادت کوآگے لائے جو مذہبی اور سیکولر دونوں طبقوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر نے کی صلاحیت سے مالا مال ہو۔ وہ گذشتہ روز جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب اللہ کسی قوم سے ناراض ہوتا ہے تو اس کے مسائل میں اضافہ کر دیتا ہے۔ وسائل کا پاکستان میں ایک خاص طبقے تک محدود ہوجانا اس بات کی علامت ہے کہ عوام کی اکثریت اپنی بے حسی سے تائب نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو غلامی سے نجات پانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر بڑے فیصلے کرنا ہونگے۔ روٹھے رب کو منانے کیلئے راتوں کو اٹھ کر گریہ و فریاد کرنے کے ساتھ ساتھ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا اور عوام الناس کو اس جدوجہد میں شریک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دین کی اصل روح کو عوام تک پہنچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top