ٹارگٹ کلنگ کی لہر قومی یکجہتی اورمعیشت کیلئے خطرناک ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

سندھ اور وفاقی حکومت اس لہر کو روکنے میں کیوں ناکامی کا شکار ہیں۔
ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد اور گروہوں کو مصلحتوں سے بالا ہو کر کڑی سزا دی جائے۔
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کو فکری اور عملی رہنمائی دے سکتے ہیں

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کراچی میں نہ رکنے والی ٹارگٹ کلنگ کی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی یکجہتی اورمعیشت کیلئے خطرناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پہلے ہی بہت زیادہ خراب ہے اور ملک کا اہم ترین شہر بھی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی زد میں ہے۔ عوام یہ پوچھتے ہیں کہ سندھ اور وفاقی حکومت اس لہر کو روکنے میں کیوں ناکامی کا شکار ہیں؟ عدم تحفظ کے شدید ترین احساس نے زندگی کے حسن کو چاٹ لیا ہے۔ عوام کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کو فکری اور عملی رہنمائی دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کراچی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لسانیت، صوبائیت اور مذہبی و سیکولر انتہا پسندی نے ہمارے ملک کے امن کو گہنا دیا ہے۔ تارکین وطن اور سرمایہ کار پاکستان کا رخ اس لئیے نہیں کر رہے کہ ان کی جان اور سرمائے کے تحفظ کیلئے ملک میں کوئی ماحول نہیں ہے۔ بدترین دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان نے ملک کو بہترین دماغ سے محروم کر رکھا ہے اور اس کی شرح میں ہونیوالا اضافہ الارمنگ ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد اور گروہوں کو مصلحتوں سے بالا تر ہو کر کڑی سزا دی جائے تا کہ ملکی امن سے کھیلنے کا گھناؤنا کھیل ختم ہو سکے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس، مربوط اور لانگ ٹرم پلان بنانے کی ضرورت ہے جسمیں اسکی وجوہات کے خاتمے کو اولین ترجیح دی جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top