منہاج القرآن جیکب آباد کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب

مورخہ: 31 مارچ 2011ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت بلوچستان اور سندھ سے تعلق رکھنے والے متاثرین سیلاب کی بچیوں کی شادیوں کے لیے جیکب آباد سندھ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ شادیوں کی یہ اجتماعی تقریب جیکب آباد کے جنرل پوسٹ آفس ہال میں انعقاد پزیر ہوئی۔ پروگرام میں شرکت کے لیے مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور ساجد محمود بھٹی سینئر نائب ناظم تنظیمات خصوصی طور پر جیکب آباد پہنچے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ دیگر مقامی مہمانان گرامی نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں دلہا اور دلہنوں کے الگ الگ نکاح پڑھائے گئے۔ اس کے علاوہ ہر جوڑے کیساتھ باراتیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر جوڑے کو جہیز کا قیمتی سامان بھی دیا گیا۔

باراتوں کا استقبال منہاج القرآن جیکب آباد کے مقامی قائدین نے کیا۔ تقریب میں الٰہی بخش سومرو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے خدمت خلق کے جس جذبے سے کام کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سندھ میں فلاحی سرگرمیاں اور شادیوں کی اجتماعی تقاریب مقامی لوگوں کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادیوں کی اجتماعی تقریب تو پورے ملک میں جاری ہیں، لیکن سندھ کی سرزمین پر سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے یہ کام نہایت قابل تحسین ہے۔ اس حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے ہر میدان میں ہمیشہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہم سب کو ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

تقریب سے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ فلاح انسانیت اور مساوات کا درس دیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کارکردگی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شادیوں کی اس اجتماعی تقریب کا مقصد معاشرے میں اعتدال قائم کرنا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو خوشیاں دینا سنت اور عبادت ہے، اس لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے یہ کام کیا ہے۔ معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے منہاج القرآن کی خدمات بلا تفریق ہیں، جو آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

تقریب میں ساجد محمود بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی بات کی ہے، اس وجہ سے سماجی ویلفیئر کو تحریکی کاموں میں شامل رکھا۔ دنیا بھر میں منہاج القرآن کی تنظیمات فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے حوالے سے کام کر رہی ہیں۔ ملک میں متاثرین سیلاب کی خدمت کا یہ سب سے بہترین انداز ہے۔

تقریب میں بلوچستان اور سندھ سے دلہے اور دلہنوں کے خاندانوں اور رشتہ داروں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ جن کی وجہ سے آج ان کی بیٹیاں باعزت انداز میں پیا گھر سدھار گئیں۔

شادی کی اس تقریب میں کامران پرویز، حفیظ اللہ بلوچ، امیر خان، خادم حسین قادری، اظہر علی شاہ، مہر جاوید، طاہر محمود، عبدالغفار کھوسہ، سیف اللہ قادری اور دیگر احباب نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔ آخر میں تمام جوڑوں کی رخصتی بھی کی گئی۔

رپورٹ : حفیظ اللہ بلوچ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top