یونیق کالج پتوکی میں یوم والدین کے موقع پر سالانہ تقریب تقسیم انعامات

20 اپریل 2011ء کو یونیق کالج پتوکی میں ’’یوم والدین‘‘ کے موقع پر تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں ناظم تعلیمات منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) شاہد لطیف قادری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ہزار سے زائد طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی، جبکہ پرائیویٹ اور سرکاری سکولز کے پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کرام کی کثیر تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

تقریب میں ناظم تعلیمات منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف قادری نے تعمیرِ شخصیت اور اصلاحِ احوال پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم وہی نفع بخش ثابت ہوتی ہے جس کا کوئی نہ کوئی مقصد ہو۔ کہنے کو تو ہر کوئی کہہ دیتا ہے کہ میں اس قوم کا وفادار، راہنما اور رہبر ہوں مگر حقیقت میں مخلص وفاداری کی علامت صرف ایک ہی ہے کہ کون اپنی ذات کے لئے جیتا ہے اور کون حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے لئے جیتا ہے۔ اس حوالے سے بلا شک و شبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دورِ حاضر کے مسیحا ہیں کیونکہ وہ اپنی ذات کے لئے نہیں جیتے بلکہ اپنی ذات کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کی علمی و فکری خدمات کے لئے وقف کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کے مذہبی و روحانی، فکری واعتقادی، معاشی و اقتصادی اور دیگر مختلف موضوعات پر 6000 سے زائد آڈیو و ویڈیو خطابات، 400 سے زائد کتب اور ملک میں علم و شعور کو عام کرنے کے لئے 600 سے زائد سکولز قائم کیے، جو امت مسلمہ کے لئے آپ کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ طلباء و طالبات کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اور نوجوان نسل کے مستقبل کو عصر حاضر کی خرافات سے بچانے اور محفوظ کرنے کے لئے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ وطن عزیز ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شعور کو بیدار کریں، ہمیشہ حق کا بول بالا کریں اور جہاں برائی کو دیکھیں اسے دبا دیں۔ انفرادی و اجتماعی اور معاشرتی و سماجی برائیوں کا جڑ سے خاتمہ کریں تاکہ امت مسلمہ دور حاضر کی اس عظیم شخصیت سے استفادہ کر کے اپنی زندگی میں انقلاب برپا کر سکے۔

تقریب میں ناظم تعلیمات MES شاہد لطیف نے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور عظیم الشان تقریب تقسیم انعامات کے انعقاد پر انتظامیہ کومبارکباد پیش کی۔اس موقع پر یونیق کالج کے مالک اور پرنسپل نے پتوکی میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی سے الحاق شدہ سکول کھولنے کا عزم کیا۔ پرنسپل یونیق کالج پتوکی ندیم مصطفائی نے ناظم تعلیمات MES شاہد لطیف کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

رپورٹ : محمد عمیر الحسنی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top