ملک و قوم کو حقیقی نصب العین باغیرت، با صلاحیت اور ایماندار قیادت ہی فراہم کر سکتی ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 03 مئی 2011ء

نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل تعلیم بھی ضروری ہے
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلبہ سے خصوصی نشست کے دوران بذریعہ ویڈیو کانفرنس کینیڈا سے خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قوم میں اجتماعی وحدت اور شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک و قوم کو حقیقی نصب العین باغیرت، با صلاحیت اور ایماندار قیادت ہی فراہم کر سکتی ہے اور بدقسمتی سے ایسی قیادت کا فقدان ہے۔ وہی اقوام ترقی کی منازل طے کر تی ہیں جو علم میں برتری رکھتی ہوں، جسے احساس ذمہ داری اور بہترین منصوبہ بندی کا فن آتا ہو۔ یہ حکومت کا کام ہے کہ بدلتی ہوئی دنیا میں طلبہ اور نوجوانوں کے لیے مختلف پالیسیاں ترتیب دے، جس سے نوجوان میں مثبت سوچ و فکر پروان چڑھے۔ نوجوانوں کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس سے ان میں صبر و تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا ہو اور تخلیقی صلاحتیں بھی جنم لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ایک خصوصی نشست کے دوران بذریعہ ویڈیو کانفرنس کینیڈا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین اور سیکرٹری جنرل عبدالغفار مصطفوی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ وہی قوم دنیا میں باعزت معاشی و سیاسی مقام برقرار رکھ سکے گی جس کا نوجوان اپنے زور بازو پر بھروسہ کر کے حصول علم میں محنت کریگا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل تعلیم کا بھی انتظام کیا جانا چاہیے۔ ریسرچ سنٹرز اور لیبارٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے، کتاب دوستی اور لائبریریز کو فروغ دیا جائے۔ جب تعلیم تمام طبقوں تک بلا تفریق پہنچے گی تو پھر ہمارے نوجوانوں میں یکساں ذہنیت اور سوچ پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام فکری، نظریاتی اور ایمانی وحدت کے رشتے میں منسلک ہونے کی بات کرتا ہے ۔ اجتماعی شعور اس وقت تک بیدار نہیں ہو سکتا جب تک ہم انفرادی مفادات سے نکل کر اجتماعی قومی مفاد کے لئے سوچنا شروع نہ کر دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top