منہاج القرآن انٹرنیشنل باندو سٹی ابراکی کین جاپان میں عظیم الشان معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 07 مئی 2011ء

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام باندوسٹی ابراکی کین میں مورخہ 07 مئی 2011ء بروز ہفتہ کونماز عشاء کے بعد عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ٹوکیو، ابراکی، توچکی، گما، کانا گاوا، ناگویاسے مذہبی، سیاسی، سماجی اور تمام مساجد کے آئمہ کرام کے علاوہ تمام مسالک اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز منہاج القرآن مرکزکے زیر تعلیم کمسن طالبعلم خیال حسن نے انتہائی خوبصورت آواز میں قرآن حکیم کی آیات کی تلاوت سے کیا جبکہ محمد عبداللہ اور محمد جاوید سجن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس جاپان کی تاریخ کی ایک یاد گار کانفرنس بن گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگر د رشید علامہ شکیل احمد ثانی نے مسلسل تین گھنٹے واقعہ معراج پر مدلل، پر اثر اور رقت انگیز خطاب کیا۔ یاد رہے علامہ شکیل احمد ثانی جو گذشتہ تین ماہ سے جاپان کے دورہ پرہیں اور مختلف مقامات پر 70 سے زائد اجتماعات، منہاج القرآن مرکز باندوسٹی اور جامع المصطفیٰ مرکز ناگویا میں پندرہ پندرہ روزہ دروس قرآن بھی دے چکے ہیں۔

علامہ شکیل احمد ثانی کے خطاب کے دوران کئی مواقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اور مرکز کے ارد گرد سڑکوں پر بھی عوام کا جم غفیر تھا۔علامہ شکیل احمد ثانی نے اس عظیم الشان اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن جاپان کی انتظامیہ اور جملہ رفقاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہماری تربیت کرتے ہوئے یہی کہا ہے کہ ہمیشہ حق بات کہواور اللہ رب العزت کی ربوبیت کے ساتھ ساتھ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت و رفعت بیان کرو۔ منہاج القرآن کا پیغام یہی ہے کہ نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی زندگیوں کامرکز ومحور بنالو۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اختتام پر مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی طرف سے علامہ محمد شکیل ثانی اور منہا ج القرآن کی دیگر تنظیمات ٹوکیو، ابراکی، ناگویو، گمااور نیاتام کو نمایاں کارکرگردگی پر شیلڈ پیش کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد شکیل ثانی نے انتہائی رقت آمیز دعا کرائی اور ہر آنکھ سے اللہ رب العزت کی خشیت کی وجہ سے آنسو رواں تھے، دعا میں عالمی امن، پاکستان کی ترقی وخوشحالی، دہشت گردی کے خاتمہ اور مرحومین کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے ناظم محمد انعام الحق نے عظیم الشان کانفرنس کی کامیابی پر منہاج القرآن جاپان کے تمام رفقاء، وابستگان، مذہبی، سیاسی اور میڈیا کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے آخر میں شفقت مشتاق بٹ، مرزا عمران بیگ، محمد یوسف بٹ، محمد اقبال، جنید چودھری اور دیگر رفقاء کی طرف سے ایک شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ:محمد انعام الحق

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top