حضرت ابوبکرصدیقؓ کی سیرت امت کے لیے قیادت کا کامل ماڈل ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
خلیفۂ اولؓ نے بیت المال کا نظام قائم کر کے ثابت کیا کہ اسلامی ریاست کمزور طبقے کی محافظ ہوتی ہے
حضرت ابوبکر صدیقؓ کادورِ خلافت نبی اکرم ﷺکے اسوۂ حسنہ کا عملی پیکر تھا: بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن

لاہور (13 دسمبر2025) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خلیفۂ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یومِ وصال کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی زندگی ایمان، صدق، وفا، قربانی اور خدمت دین کی جامع تصویر ہے۔ آپؓ نے ہر آزمائش کے موقع پر رسول اکرم ﷺ کا ساتھ دے کر حق و صداقت کی سربلندی کا عملی نمونہ پیش کیا۔ آپؓ کی زندگی قران و سنت کی عملی تصویر تھی۔
انہوں نے کہاکہ ہجرت کے موقع پر غار ثور میں رسول اکرم ﷺ کے ہمراہ ہونا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے بلند مقام کی روشن علامت ہے۔ قرآنِ مجید میں آپؓ کی رفاقت کا ذکر آنا اس بات کی دلیل ہے کہ آپؓ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے محبوب ترین ساتھیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی خلافت سادگی، عدل اور انکساری کا حسین امتزاج تھی۔ آپ خود کو حکمران نہیں بلکہ خادم امت سمجھتے تھے۔ زکوۃ کی فرضیت پر ثابت قدمی نے اسلامی ریاست کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے کردار سے سیکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر ہم صداقت، وفاداری، اخلاص اور خدمت کو اپنا شعار بنا لیں تو امت کو درپیش بحران خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔ خلیفۂ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا دورِ خلافت اسلامی تاریخ میں فلاحی ریاست کا ایک مثالی اور مکمل نمونہ ہے۔ آپؓ کا عہدِ حکومت قرآن و سنت کی تعلیمات کا عملی مظہر اور ریاستِ مدینہ کے تسلسل کی روشن مثال تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبرؓ نے نہایت تدبر، بصیرت اور استقامت کے ساتھ داخلی و خارجی فتنوں کا مقابلہ کیا اور اسلامی ریاست کو استحکام عطا کیا، جس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سیرت و کردار امتِ مسلمہ کے لیے دائمی رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپؓ کے عہد میں ہونے والی فتوحات اور کامیابیاں اسلام کی تاریخ کا درخشاں باب ہیں جن پر امت بجا طور پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفۂ اولؓ نے بیت المال کا مؤثر نظام قائم کر کے معذوروں، ناداروں اور مستحقین کی کفالت کو ریاستی ذمہ داری بنایا اور عملاً یہ ثابت کیا کہ اسلامی ریاست کمزور طبقے کی محافظ ہوتی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے غیر مسلم شہریوں کو جان و مال کا مکمل تحفظ فراہم کیا، ان کے حقوق و فرائض متعین کیے اور ریاست کے ہر شہری کو بلا امتیاز انصاف اور عزت کا مقام دیا۔ آپؓ کا پورا دورِ خلافت نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کا عملی پیکر تھا۔ آپؓ کے تمام حکومتی و انتظامی فیصلے براہِ راست تعلیماتِ مصطفوی ﷺ کی عملی تعبیر تھے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ آج عالمِ اسلام کے حکمرانوں اور جدید ریاستی نظاموں کو سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے حکومتی و فلاحی ماڈل سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے، کیونکہ حقیقی عدل، امن، استحکام اور عوامی فلاح کا راستہ اسی طرزِ حکمرانی میں مضمر ہے۔


















تبصرہ