چارسدہ ایف سی ٹریننگ سنٹر پر ہونے والے دھماکوں کی ذمہ دار انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں : سید ہدایت رسول قادری

مورخہ: 14 مئی 2011ء

ملک میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے
دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں، ان کا کوئی مذہب نہیں

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری اور ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے چارسدہ ایف سی ٹریننگ سنٹر پر ہونے والے خودکش بم دھماکوں پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسے افسوسناک واقعات کی ذمہ دار انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں، جو دہشت گردی کے واقعات کا سدباب کرنے میں نا کام ہو رہے ہیں۔ ملک میں ہونے والے بم دھماکوں اور دہشت گردی کے دوسرے واقعات کا تسلسل انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامی ادارے دہشت گردی کو ختم نہیں کر سکتے تو ملکی خزانے سے کروڑوں روپے کس بات کے لیتے ہیں؟ ملک میں ہونے والے بم دھماکوں اور قتل و غارت کا مقصد عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا ہے۔ ایسے واقعات حکومت کو ناکام بنانے کی ایک بڑی سازش ہے۔ لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے واقعات کے ذمہ دار افراد پر فوری اور کڑی گرفت کرنے کے لئے انتظامی اداروں پر دباؤ ڈالیں، تاکہ ملک اور امن دشمن عناصر اپنے انجام کو پہنچ جائیں۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں، ان کا کوئی مذہب نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کے نوجوانوں اور معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک واقعہ ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top