عوام تاریک اور حبس زدہ کمروں میں زندگی گزارنے کی بجائے موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف باہر نکل آئیں: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 22 مئی 2011ء

اپوزیشن نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے ہر کوئی اقتدار کی گنگا میں نہا رہا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی مرکزی سیکرٹریٹ میں کراچی آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

قیامت خیز گرمی میں ہونیوالی بدترین لوڈ شیڈنگ حکمرانوں کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتی ہے عوام جان لیں کہ اس مسئلہ کے حل کیلئے حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ عوام تاریک اور حبس زدہ کمروں میں جانوروں کی طرح زندگی گزارنے کی بجائے موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف باہر نکل آئیں۔ حکمران قومی وسائل کے بل بوتے پر ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر عوامی استحصال کا جرم مسلسل کئے جا رہے ہیں۔ مقتدر طبقے کی یہ روش اس وقت تک نہیں بدلے گی جب تک عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے سڑکوں پر نہیں نکلتے۔ بدقسمتی ہے کہ اس وقت ملک میں اپوزیشن نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے ہر کوئی اقتدار کی گنگا میں نہا رہا ہے اس لئے عوام کو اپنی حالت خود بدلنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمن درانی نے کراچی سے صوبائی صدر ایس ایم ضمیر کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے صنعتوں کو نگل لیا ہے، لاکھوں چولہے سرد ہو گئے ہیں اور کروڑوں عوام شدید گرمی میں بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبو ر بنا دئیے گئے ہیں۔ مقتدر طبقوں کو جوڑ توڑ اور سیاسی مفادات اٹھانے سے فرصت نہیں ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ نظام عوام کا حقیقی دشمن ہے اسکے خلاف پوری عوام اٹھ کھڑی ہو۔ موجودہ پارلیمنٹ عوام کی نہیں بلکہ 2فی صد مقتدر طبقے کے حقوق کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روز گاری اور مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ خودکشیاں روز کا معمول ہیں دہشت گردی کے تسلسل نے عوام کو عدم تحفظ کے مستقل احساس میں جکڑ دیا ہے جس کے ذمہ دار مقتدرر طبقات ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top