بحریہ کی تنصیبات پر دہشت گردوں کی طرف سے راکٹوں اور بموں سے حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 23 مئی 2011ء

دہشت گرد اسلام اور پاکستان دونوں کے بدترین دشمن ہیں انکا اسلام اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں
قومی سلامتی کے ضامن اداروں پر حملوں کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے
مٹھی بھر دہشت گردوں کی اس سطح کی کارروائیاں حکومتی ذمہ داران کیلئے گہری سوچ بچاراور ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہیں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بحریہ کی تنصیبات پر دہشت گردوں کی طرف سے راکٹوں اور بموں سے حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں پر براہ راست حملوں کا سلسلہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے اس حوالے سے حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور پاکستان دونوں کے بدترین دشمن ہیں انکا اسلام اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں۔ قومی سلامتی کے ضامن اداروں پر حملوں کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وطن عزیز کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ حکومت مصلحتوں سے آزاد ہو کر آہنی ہاتھوں سے دہشت گردوں کا سر کچل دے۔ دفاعی اداروں پر اس نوعیت کے حملوں کو ہر صورت روکنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں کی اس سطح کی کارروائیاں حکومتی ذمہ داران کیلئے گہری سوچ بچاراور ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہیں۔ آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے شہید ہونیوالے اہلکاروں کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کرنے کی تلقین کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top