کراچی میں ہونیوالی دہشت گردی کی کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تجمل حسین

مورخہ: 26 مئی 2011ء

پاکستانی قوم کو اس نازک مرحلے پر قومی یکجہتی اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے
حکومت اور پالیسی ساز ادارے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ٹھوس اور واضح پالیسی تشکیل دیں
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابقہ عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے گفتگو

کراچی میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائی نے پوری دنیا میں پاکستان کو رسوا کر دیا ہے۔ دہشت گرد ایک تسلسل سے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے چلے آرہے ہیں تا کہ نہ صرف سیکیورٹی فورسز کا مورال کمزور ہو بلکہ ان کی صلاحیتیوں کو بھی سوالیہ نشان بنایا جارہا ہے۔ کراچی میں ہونیوالے حالیہ واقعات اس سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گذشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابقہ عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی دہشت گردی کی کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے لیکن ہمیں بحثیت پاکستانی قوم یہ ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان اس وقت جس عالمی، سیاسی، دفاعی دباؤ کا شکار ہے اس میں کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ساری پاکستانی قوم کو اس نازک مرحلے پر قومی یکجہتی اور یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ دنیا کو ایک واضح پیغام مل سکے۔ انہوں نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اس کے پالیسی ساز اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ٹھوس اور واضح پالیسی تشکیل دے۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں محمد حنیف مصطفوی، ملک سعید عالم، تنویر احمد خان، امجد حسین جٹ، ڈاکٹر زبیر اے اعوان، ڈاکٹر احسن ہاشمی، ڈاکٹر مرزا ایوب بیگ، محمد حسین شاہین ایڈووکیٹ، سردار ارباز خان ایڈووکیٹ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، ارشد محمود باجوہ، عبد الغفار مصطفوی، ساجد گوندل اور ضمیر مصطفوی نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top