تحریک منہاج القرآن کوٹلی کے زیراہتمام معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد

مورخہ: 12 جون 2011ء

تحریک منہاج القرآن کوٹلی کے زیراہتمام مورخہ 12 جون 2011ء کو معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سید ابرار سرور شاہ امیر تحریک منہاج القرآن آزاد جموں و کشمیر نے کی جبکہ مہمان خصوصی علامہ رانا محمد ادریس قادری مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد راحیل سلطانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سید اشفاق شاہ اور ریاست علی قادری نے حاصل کی۔ کانفرنس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض راجہ محمد فہیم نے سرانجام دئیے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک سفر نہیں بلکہ ایک بہت بڑا معجزہ ہے۔ انہوں نے معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ’’عام الحزن‘‘ (غم کے سال) میں اپنے پاس بلا کر وہ مقام اور عزت و مرتبہ عطا کیا جو پہلے کسی پیغمبر کونصیب نہ ہوا، جس کی حضرت موسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبر بھی آ رزو کر تے رہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہمارے لئے جو تحفہ اللہ تعالیٰ نے نماز کی صورت میں عطا کیا اسکی پابندی آج کے اس مادی دور میں بہت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے اپنے کردار و گفتار کو سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ڈھال کر بدلنا ہوگا تاکہ ہر شخص حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی کو دیکھ کر یہ کہہ سکے کہ جس نبی کے امتی کی یہ شان ہے اس نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان خود کتنی عظیم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن موجودہ صدی کی دین کی تجدیدی تحریک ہے جس کا مقصد اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ امت کے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنا ہے۔

کانفرنس کا اختتام درود و سلا م و دعائیہ کلمات سے ہوا۔

رپورٹ : عرفان محمود مغل قادری
(ناظم تحریک منہاج القرآن کھوئیرٹہ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top