تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام سالانہ ہفت روزہ درس عرفان القرآن کا پہلا دن

مورخہ: 10 اگست 2011ء

تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام سالانہ ہفت روزہ درس عرفان القرآن کا پہلا پروگرام مورخہ 10 اگست 2011ء کو منعقد ہوا جس میں خصوصی شرکت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ محمد فیاض بشیر قادری نے کی جبکہ ڈاکٹر امیر محمد غوری، ڈاکٹر شیر محمد اعوان، حاجی غلام نازک آرائیں، علامہ حامد سعیدی، رانا اشرف علی خان اور علامہ نصیر احمد بابر نے بھی شرکت کی۔ پروگرام میں علاقہ بھر سے خواتین و حضرات کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔

علامہ فیاض بشیر قادری اقامت دین میں نوجوان نسل کا کردار کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعثت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بنیادی مقصد غلبہ دین حق تھا، وہ گری ہوئی انسانیت کو سہارا دینے کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نظام غریب اور امیر کو برابری کے حقوق نہیں دیتا وہ نظام اسلامی نظام نہیں کہلا سکتا۔ آج باطل نظام کے پیرو کاروں نے انسانیت پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے حالانکہ اسلام چاہتا ہے کہ انسانیت کو سربلند کردیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کی کرسی دراصل مسند مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے مگر ہم نے اس کو باطل قوتوں کے سپرد کررکھا ہے۔ اقامت دین کا مطلب ہے کہ دین کا عملی نفاذ ہونا چاہیے۔ شیخ الاسلام کے نزدیک نوجوان نسل انقلاب کا ہراول دستہ ہے۔ جسے عالمی سازشی ٹولہ گمراہی اور بے راہ روی کا شکار کررہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا جو قومیں اپنے نوجوانوں کو بے حیائی اور بے راہ روی سے نہیں روک سکتیں ان قوموں کا وجود صفحہ ہستی سے مٹادیا جاتا ہے۔ آج نوجوانوں کو سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنانا ہوگا اور اقامت دین کے لیے اپنے کردار کو بطور نمونہ پیش کرنا ہوگا کیونکہ دلیل توحید کے لیے محمد عربی نے اپنی حیات مبارکہ کے گزرے ہوئے چالیس سال پیش کیے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج پاکستانی قوم تفرقہ بازی کا شکار ہے۔ لسانی، گروہی، صوبائی اور مذہبی تفرقہ بازی نے قوم کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔ دہشت گردی سے پاک معاشرہ کے قیام کے لیے نوجوانوں کو بندوق کی بجائے قلم اور کتاب اٹھانی پڑے گی۔

ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن، رانا محمد ظاہر ناظم تحریک منہاج القرآن، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، چودھری عبدالغفار، حاجی عزیز بھٹی، ملک عابد جوئیہ، ملک عمر فاروق، مرزا اسلم، جہانزیب چودھری، میاں بلال، ملک اختر، سید مدثر بخاری، نادر بھٹی، خواجہ احمد، سید وسیم بخاری، حسن شاہ، منہاج سیکورٹی کے ممبران، ملک انور، مسز شمشاد قادری، ملک نعمان، ملک سلمان، احسان اللہ چودھری، اور منہاج القرآن یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے سینکڑوں نوجوانوں نے اس درس کو کامیاب بنایا۔

پروگرام کے آخر میں علامہ فیاض بشیر قادری نے رقعت انگیز دعا کروائی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top