سیکرٹری جنرل اصلاحی جماعت پاکستان صاحبزادہ پیر سلطان احمد علی کا مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

مورخہ: 11 اگست 2011ء

اصلاحی جماعت پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ پیر سلطان احمد علی نے وفد کے ہمراہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا مورخہ 11 اگست 2011ء کو دورہ کیا۔ آپ کی آمد پر منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ ، مرکزی ناظم رابطہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد اور دیگر مرکزی قائدین نے استقبال کیا۔

بعد ازاں مرکزی امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، بریگیڈیئر (ر) عبید اللہ رانجھا، راجہ جمیل اجمل اور مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف نظامتوں کے سربراہان اور قائدین نے معزز مہمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ امور کے علاوہ ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ صاحبزادہ پیر سلطان احمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں بدامنی، بے سکونی اورنفسا نفسی کے عالم میں ہمیں تمام بحرانوں اور مسائل کا ڈٹ کر سامنا کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے مثبت کوششیں کر رہے ہیں، جنہیں ہم سب کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پاکستان اور بیرونی دنیا میں اسلام کا پرامن پیغام عام کر رہی ہے، جس کا سارا کریڈٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کو جاتا ہے۔

محترم مسکین فیض الرحمن خان درانی نے صاحبزادہ سلطان احمد علی کو بتایا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں تحریک منہاج القرآن کے قائد اور کارکنان دنیا بھر میں بیدارئ شعور کی مہم کو عام کر رہے ہیں،جس کے لیے مختلف پروگرامز ، کانفرنسز اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اولیاء عظام کا فیض ہے اور با لخصوص حضرت سخی سلطان باھو کے فیوض و برکات بھی اس تحریک کی قوت اور بنیادی اثاثہ ہیں۔ آج ہم سب کو یکجا ہو کر وطن دشمن عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

صاحبزادہ سلطان احمد علی اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین کی باہمی ملاقات میں ملکی اور بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔ جس میں بریگیڈئر عبیداللہ رانجھا اور مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے بہت اہم اور ضروری تجاویز بھی پیش کیں۔ اس حوالے سے آئندہ کے لیے ملکر کاوشیں کرنے کا عزم کیا گیا۔ملاقات کا اختتام دعا سے ہوا۔اس کے بعد معزز مہمان کوتحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ بھی کرایا گیا، جس میں انہوں نے گہری دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں صاحبزادہ صاحب کو مرکزی قائدین نے رخصت کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top