امن پسندوں کی خاموشی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تحریک منہاج القرآن کا فکری اور عملی کردار پوری دنیا کی رہنمائی کررہا ہے
24 ستمبر کو ہونیوالی ویمبلے کانفرنس دنیا میں امن کے قیام کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی
عالمی امن ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب

دنیا کے پرامن لوگوں کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ امن پسندوں کی خاموشی امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ دنیا کے تمام مذاہب کے پیروکار امن کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی کوششیں کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ دنیا امن کا گہوارہ نہ بن سکے۔ اسلامی دنیا کے حقیقی سکالرز کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تقلید کرتے ہوئے اسلام کا سلامتی، امن اور محبت کا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھانے پر محنت کرنا ہو گی۔

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تحریک منہاج القرآن کا فکری اور عملی کردار پوری دنیا کی رہنمائی کررہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن UK کے تحت 24 ستمبر کو ہونیوالی ویمبلے کانفرنس دنیا میں امن کے قیام کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ کے پرنسپل ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا نے عالمی امن ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل ڈاکٹر اصغر جاوید، ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، رانا فاروق احمد، رانا فیاض احمد، سہیل احمد رضا اور قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عبید اللہ رانجھانے کہا کہ منفی پراپیگنڈے کے ذریعے اسلام اور پیغمبر اسلام کے حوالے سے جو غلط فہمیاں پیدا کر دی گئی ہیں اس کے ازالے کیلئے مسلم سکالرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ امن عالم کے قیام کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تاریخی فتویٰ دے کر دنیا کو بتا دیا ہے کہ اسلام کا انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے مذم رویوں سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ پوری انسانیت کیلئے سلامتی اور رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت عالم" کے عنوان سے لندن میں ہونیوالی تحریک منہاج القرآن کی امن برائے انسانیت کانفرنس میں مسلم، مسیحی، یہودی، ہندو، سکھ اور بدھ مت کے رہنماء امن کی دعا میں شرکت کر کے پوری دنیا کو بین المذاہب رواداری اور امن کا آفاقی پیغام دیں گے۔

تحریک منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہا کہ ویمبلے میں ہونیوالی کانفرنس دنیا میں امن کے قیام کی بنیاد ثابت ہو گی۔ دنیا کے 6 مذاہب کے پیروکار ایک چھت تلے جمع ہو کر امن کے قیام کیلئے اجتماعی دعا کریں گے۔

ڈاکٹر اصغر جاوید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا میں قیام امن کیلئے جو جدوجہد کررہی ہے وہ پوری انسانیت کو دہشت گردی کے عذاب سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ شیخ الاسلام کی فکری رہنمائی اور عملی کردار امن کے دائمی قیام کا باعث ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top