پوری دنیا کو آج پہلے سے کہیں زیادہ امن، تحفظ اور بھائی چارے کی ضرورت ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

99 فیصد سے زیادہ مسلمان امن پسند ہیں، اسلام کسی بھی قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالمی امن اور بھائی چارے کا درس دیا
حضرت موسی علیہ السلام، حضرت عیسیٰ علیہ السلام و دیگر عظیم ہستیوں نے دنیا کو انسانی فلاح اور امن کی راہ دکھلائی
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا امن برائے انسانیت کانفرنس ویمبلے ایرینا لندن میں "محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رسول رحمت "کے موضوع پر خطاب

ویمبلے ارینا لندن میں ا من برائے انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو آج پہلے سے کہیں زیادہ امن، تحفظ اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 کے بعد پوری دنیا میں مسلمانوں کی مشکلات میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا۔ پوری دنیا میں اسلام کی جو تصویر پیش کی گئی اسلام کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 99 فیصد سے زیادہ مسلمان امن پسند اور انسانیت سے پیار کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مسلم نوجوانوں کی تربیت اور رہنمائی کیلئے پوری دنیا میں سیمینارز، کانفرنسز اور لیکچرز کے پروگرام ترتیب دئیے ہیں، اس کے علاوہ تھنک ٹینکس بھی بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انتہاپسندی اور دہشت گردی نے ساری دنیا اور بالخصوص مسلمانوں کو بہت زیادہ متاثر کیا۔ اس نے لاکھوں خواتین کو بیوہ کر دیا، جانے کتنی ہی بہنوں سے ان کے بھائی اور ماؤں سے ان کے بیٹے چھین لئے۔ انتہاپسندی نے دنیا کے لاکھوں انسانوں کے چہروں سے مسکراہٹ چھین لی اور انہیں دکھوں اور زخموں کے سوا کچھ نہیں دیا، انتہا پسندی نے ہم سب کو تقسیم کر دیا اور نااُمیدی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر اعلیٰ اور بامقصد کانفرنس منعقد کرنے پر وہ تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کئی مرتبہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے انسانی بھائی بہنو! میں آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ سب مل کر دنیا کے امن کیلئے سوچیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آج دنیا گلوبل ویلج بن چکی اور ہم ایک فیملی بن چکے ہیں۔ آؤ سب مل کر اِس دنیا کو ایک پرامن باغ بنائیں، جہاں امن و محبت کے فوارے پھوٹیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ آج یہاں سب مل کر بھائی چارے اور عالمی امن کی بات کر رہے ہیں۔ اسی عالمی امن اور بھائی چارے کا درس حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا، حضرت موسی علیہ السلام نے پوری انسانیت کو آزادی کا درس دیا اور عیسیٰ علیہ السلام نے سلام، محبت اور بھائی چار ے کا درس دیا۔ اس طرح بدھا، کرشنا، گرونانک اور دیگر عظیم ہستیوں نے دنیا کو انسانی فلاح اور امن کی راہ دکھلائی۔

انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ عالمی کانفرنس مسلم اور غیرمسلم کے درمیان امن اور بھائی چارے کی شروعات کا باعث بنے گی۔ تقریب میں شمالی امریکہ سے لے کر جنوبی افریقہ، یورپ اور دنیا کے تمام گوشوں سے تعلق رکھنے والے اسکالرز اور موثر شخصیات نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top