سیلاب جس جس بستی سے گزرا اپنے پیچھے تباہی و بربادی کی بے شمار داستانیں چھوڑ گیا: ساجد محمود بھٹی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پر کارکنان دن رات متاثرین سیلاب کی بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام میرپور خاص اور بدین میں منہاج خیمہ بستیاں آباد کردی گئی ہیں

ایک مرتبہ پھر سیلاب صوبہ سندھ اور بلوچستان کی جس جس بستی سے گزرا اپنے پیچھے تباہی و بربادی، دکھ اور غم کی بے شمار داستانیں چھوڑ گیا۔ بے گھر ہونیوالے ہزاروں پاکستانیوں میں سے ایک بھی ایسا نہیں جس نے کچھ نہ کچھ کھو جانے کا دکھ نہ جھیلا ہو۔ معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں سمیت ہزاروں لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے، سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں، کئی سکول اور ہسپتال سیلاب میں بہہ گئے ہیں، آج معصوم بچے، بہنیں اور بزرگ ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کی نظامت تنظیمات کے ناظم ساجد محمود بھٹی نے صوبہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ساجد محمود بھٹی نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام فوری طور پر میرپور خاص (ڈگری) اور بدین (گولاچی) میں منہاج خیمہ بستیاں آباد کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنان دن رات متاثرین سیلاب کی بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔

ساجد محمود بھٹی نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد خاندانوں کی مدد کی گئی ہے اور درجنوں خاندان منہاج خیمہ بستیوں اور امدادی کیمپس میں مقیم ہیں۔ منہاج خیمہ بستیوں میں رہائش پذیر خاندانوں کو تمام رہائشی سہولیات دی جارہی ہیں، تینوں اوقات میں کھانا پکا کر فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں پاکستانی قوم بالخصوص سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں اور دانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ مل بیٹھ کر متاثرین سیلاب کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیں اور انکے حل کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top