دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہورہے ہیں: علامہ غلام مرتضیٰ علوی

معاشرے میں مواخات کے عظیم رویوں کو فروغ دینے کیلئے محنت کرنا ہوگی
جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب

ممتاز مذہبی سکالر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا ہے کہ بطور قوم ہمارے اعمال اللہ کی ناراضگی کا باعث ہیں اسی لئے دہشت گردی، بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمیابی، بجلی گیس کی قلت اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکی ہے۔ دین اسلام سے دوری کی وجہ سے ہم دنیا میں ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان تو دوسرے کی جان و مال کا محافظ ہوتا ہے مگر ہمارے اعمال دین مبین کی تعلیمات سے الٹ ہوچکے ہیں اسی لئے اللہ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں رہی۔ اللہ کے مقرب بندوں کا صدقہ ہے جو ہمارا معاشرہ بڑے عذابوں سے بچا ہوا ہے۔ بطور قوم ہم نے اپنے اعمال کی اصلاح کی تدبیر نہ کی تو اللہ کی غفور اور رحیم ہونے کی صفت کہیں ہم سے روٹھ نہ جائے، اس لئے قوم اجتماعی توبہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ مادیت کے غلبہ نے ہم سے ہمارے عظیم مذہب کی اقدار چھین لی ہیں اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری زندگیوں میں سکون لوٹ آئے تو ہمیں روحانیت کی طرف لوٹنا ہوگا اور معاشرے میں مواخات کے عظیم رویوں کو فروغ دینے کیلئے محنت کرنا ہوگی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top